• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی صنعتکار چونیاں میں 2 ہزار ایکڑ کے انڈسٹریل پارک میں 20 ارب کی سرمایہ کاری کریں گے، معاہدے پر دستخط

  لاہور(خصوصی نمائندہ)  چینی صنعتکار چونیاں  میں2ہزار ایکڑ پر مشتمل انڈسٹریل پارک میں 20 ارب روپےکی سرمایہ کاری کرینگے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی موجودگی میں گزشتہ روز اس حوالے سے  بیجنگ میں ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین پہلے محض دوست تھے، اب انہیں ایک دوسرے سے محبت ہو چکی ہے۔معاہدہ خوش آئند ہے اور اس سے نجی شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھے گی، چین کی موجودہ ترقی کے پیچھے سوشلزم کا نظریہ اورچین کے عظیم تاریخی ورثے کی قوت کارفرماہے ۔  چینی نائب وزیراعظم نےسی پیک منصوبے کی رفتارپراظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون کے حوالے سے پنجاب کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں جبکہ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر سانگ تائو  نے کہا کہ چین مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کو اپنے ساتھ پائے گا۔وزیر اعلیٰ  شہباز شریف نے چین کے دورے کے دوران گزشتہ روزبیجنگ میں انتہائی مصروف ترین دن گزارا۔انہوں نے چین کی لیڈر شپ ،کیمونسٹ پارٹی کے مرکزی رہنماؤں، صنعتکاروں،سرمایہ کاروں اور مختلف کمپنیوں کے اعلی حکام کے ساتھ صبح سے رات گئے تک بغیر کسی وقفے کے ملاقاتیں کیں ۔ شہبازشریف اور چینی نائب وزیراعظم ژانگ جیالی کے درمیان ملاقات میںکیمونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مابین تعلقات کے مزیدفروغ کیلئے موثر اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا۔ژانگ جیالی نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے مابین تعلقات میں اضافے کیلئے نئی راہوں پرکام کرنا ہوگا۔کیمونسٹ پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔انہوںنےسی پیک کی رفتارپر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون کے حوالے سے پنجاب کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے ۔ چین کے نائب وزیراعظم نے وزیراعظم نوازشریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین کی پوری قیادت وزیراعظم محمد نوازشریف کی جلد مکمل صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔چین کے نائب وزیراعظم نے ملاقات کے دوران پنجاب میں تیزرفتار ترقی اورسماجی شعبوں کی بہتری کیلئے بے مثال اقدامات پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف غیر معمولی محنت کے ذریعے عوام کی زندگیو ں میں بہتری لانے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نےکہا کہ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کوعوام کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔سوشلزم کا نظریہ اورچین کے عظیم تاریخی ورثے کی قوت چین کی موجودہ ترقی کے پیچھے کارفرماہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان میںمقیم چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں اور پاک چین تعلقات کی 65ویں سالگرہ پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے مابین تعاون کو عوام کی بہتری اور خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔وزیراعلیٰ کی موجودگی میں بیجنگ میں انڈ سٹر یل پارک کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔معاہدے کے تحت چین کے سرمایہ کار اور صنعتکارپنجاب میں چونیاں انڈسٹریل ا سٹیٹ میں ایک انڈسٹریل پارک بنائیں گے۔ انڈسٹریل پارک میں چین کے پرائیویٹ سیکٹر کے سرمایہ کار فیکٹریاں لگائیں گے۔انڈسٹریل پارک 2 ہزار ایکڑ پر مشتمل ہوگا۔منصوبے پر 20 ارب روپے لاگت آئے گی۔
تازہ ترین