کراچی میں ہوم بیسڈ ورکرز کے تحت خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین شریک ہوئیں۔
8 مارچ کا دن دنیا بھر میں محنت کش خواتین کے عالمی دن کے طور پر منایا جارہا ہے۔
کراچی میں بھی ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن کی جانب سے آبی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم، زمینوں پر قبضے اور غذائی بحران کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین کے ساتھ مرد حضرات نے بھی شرکت کی۔
ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن کی جنرل سیکریٹری زہراء خان کا کہنا تھا کہ سندھ تہذیب حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی، سیلاب، آبی وسائل کی لوٹ مار اور انڈس ڈیلٹا کی تباہی نے عوام کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
تھر سے آئی کسان خاتون کا کہنا تھا کہ اگر استحصال جاری رہا تو ریلی مزید بڑی ہوگی۔
تقریب کے آخر میں بچوں کی جانب سے ٹیبلو بھی پیش کیے گئے۔