اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف کے عملے نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 مسافروں سے تقریباً ساڑھے 8 کلو منشیات برآمد کر لی۔
ایئر پورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر مختلف کارروائیوں کے دوران دبئی، دوحہ، بارسلونا اور شارجہ کی پروازوں کے مسافروں سے حشیش، ہیروئن اور کرسٹل آئس برآمد کر لی۔
حکام کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے اسلام آباد سے دبئی کے مسافر اصغر علی شاہ کی جرابوں میں منشیات کی موجودگی کی نشاندہی کی اور جسمانی تلاشی پر جرابوں سے 312 گرام حشیش برآمد کی۔
اسلام آباد سے براستہ دوحہ، بارسلونا کی پرواز سے سفر کرنے والے 1 مسافر محمد عباس انجم کے سامان سے منشیات برآمد کی گئی، جو مسافر نے اپنے بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی، تاہم مسافر کے سامان کی دستی تلاشی پر 5.89 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
تیسری کارروائی میں اسلام آباد سے شارجہ کی پرواز سے سفر کرنے والے 1 مسافر عرفت اللّٰہ کے سامان سے منشیات برآمد کی گئی جو مسافر نے اپنے بیگ کی تہ میں نہایت مہارت سے چھپا رکھی تھی، تاہم اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان سے 2.282 کلو گرام کرسٹل آئس (ہیروئن) برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
حکام کے مطابق ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔