مصنّفہ: ڈاکٹر فہمیدہ فردوس
صفحات: 217، قیمت: درج نہیں
ناشر: نور انٹرپرائزر، کراچی۔
فون نمبر: 2258925 - 0307
ڈاکٹر فہمیدہ فردوس سابق کنزرویٹر وائلڈ لائف، سندھ ہیں۔ اُن کی پہلی تحریری کاوش’’ قرآنی معلومات‘‘ کے عنوان سے منظرِ عام پر آئی تھی اور اب اُنھوں نے اپنی دوسری کتاب میں ایک اچھوتے موضوع پر اپنی تحقیق پیش کی ہے۔
اِس ضمن میں اُن کا کہنا ہے کہ’’ قرآنِ پاک کے صرف چوتھے پارے کو چھوڑ کر باقی تمام پاروں میں کسی نہ کسی انداز میں جانوروں کا ذکر موجود ہے۔ اِن معلومات کو ایک نئے، جامع اور منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے تاکہ علمِ حیوانات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے ساتھ، دیگر افراد بھی قرآنِ پاک میں جانوروں سے متعلق دی گئی معلومات سے استفادہ کرسکیں۔‘‘
قرآنِ پاک میں کس جانور کا کتنی بار، کس جگہ، کس سورت اور آیت میں ذکر آیا ہے، یہ تمام تفصیلات جدول اور گراف کی صُورت پیش کی گئی ہیں۔ نیز، اِن حیوانات کی سائنسی بنیاد پر درجہ بندی بھی کی گئی ہے۔ مثال کے طور پر اونٹ یا اونٹنی سے متعلق بتایا گیا ہے کہ 21 مختلف آیات میں ان کا ذکر آیا ہے۔
فاضل مؤلفہ نے اِن آیات کو اِس طرح ترتیب وار پیش کیا ہے کہ پہلے عربی متن، پھر ترجمہ اور آخر میں اُس کی تفصیل یا تفسیر بیان کی گئی ہے۔ باقی جانوروں یا پرندوں کا ذکر بھی اِسی طرح کیا گیا ہے۔ کتاب کے مواد سے ڈاکٹر صاحبہ کی محنت واضح طور پر منعکس ہو رہی ہے۔ پروف کی کافی غلطیاں رہ گئی تھیں، جن کا’’اغلاط نامے‘‘ کے ذریعے تدارک کیا گیا ہے۔