مصنّف: ارشد مبین احمد
صفحات: 285، قیمت: 1050
(تمام اعزازی کاپیاں)
برائے رابطہ:201فرئیر بزنس سینٹر، فریئر مارکیٹ، مین فرئیر روڈ، صدر، کراچی۔
فون نمبر: 2551487 - 0321
ارشد مبین احمد، سپریم کورٹ آف پاکستان کے وکیل ہیں اور ایک عرصے سے نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات سے آگاہی فراہم کرنے کے ضمن میں کوشاں ہیں۔ اِس حوالے سے اُن کی چار کتب شایع ہوچُکی ہیں، جنہیں خاصی پذیرائی بھی حاصل ہوئی اور اب اُن کی پانچویں کتاب منظرِ عام پر آئی ہے، جس میں اُنھوں نے مکّۃ المکرّمہ اور مدینۃ المنوّرہ کی تاریخ پر معلومات فراہم کی ہیں اور اِسی مناسبت سے کتاب کا نام’’ علم کے دو مقدّس مینار‘‘ رکھا گیا ہے۔
کتاب کے عنوان ہی سے واضح ہے کہ اِسے دو حصّوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصّے میں مکّۃ المکرّمہ سے متعلق بیش بہا معلومات ہیں، تو دوسرا حصّہ، مدینۃ المنوّرہ کی تاریخ کے لیے مختص ہے۔
مؤلفِ کتاب چار بار حج کی سعادت حاصل کرچُکے ہیں اور اُن کے بقول، کتاب میں درج تمام مقامات کی زیارت بھی اُنھیں نصیب ہوچُکی ہیں۔ حوالہ جات کا پوری طرح اہتمام کیا گیا ہے، تاہم دورانِ مطالعہ ایسا محسوس ہوا کہ کتاب کی تیاری میں محمود میاں نجمی کے اُن مضامین سے کافی استفادہ کیا گیا ہے، جو روزنامہ جنگ کے’’سنڈے میگزین‘‘ میں شایع ہوتے رہے ہیں، لیکن اُن کا کوئی حوالہ نظر سے نہیں گزرا۔