• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضائل النّبی ﷺآیاتِ قرآنی کی روشنی میں

مصنّف: الشیخ ابوالفضل عبداللہ بن محمّد الغماری الحسنی

ترجمہ: ڈاکٹر حافظ حقّانی میاں قادری

صفحات: 317، قیمت: درج نہیں

ناشر: زوّار اکیڈمی پبلی کیشنز، اے 18/4، ناظم آباد نمبر 4، کراچی۔

فون نمبر: 2210737 - 0314

ڈاکٹر سیّد عزیز الرحمٰن نے، جو پاکستان میں سیرتِ طیبہؐ پر تحقیقی کام میں ایک نمایاں مقام و شناخت کے حامل ہیں، اپنے تعارفی نوٹ میں بتایا ہے کہ اِس کتاب کے مصنّف، علّامہ ابو افضل عبداللہ 1910ء کو طنجہ میں پیدا ہوئے۔ حفظِ قرآن کے ساتھ جامعۃ الازہر سے علومِ اسلامیہ کی تکمیل کی۔چالیس سے زاید کتب تحریر کیں اور 1993ء میں وفات پائی۔ 

اُنھوں نے زیرِ نظر کتاب میں قرآنِ کریم کی ترتیب کے مطابق سورت وار رسولِ کریمﷺ کے فضائل و مناقب بیان کیے ہیں اور اِس ضمن میں کہیں تفصیل، تو کہیں اختصار سے کام لیا ہے، جب کہ جہاں ضرورت محسوس ہوئی، مقامِ نبوّت سے تعلق رکھنے والے بعض کلامی مباحث بھی ذکر کیے ہیں۔

وہ طبقہ جو سیرتی مباحث میں قرآنِ کریم کے بیانات کو ترجیحاً پیشِ نظر رکھنا چاہتا ہے، یہ کتاب اُن کے لیے دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے۔ فاضل مترجّم درس و تدریس اور تصنیف و تالیف سے وابستہ ہیں اور ایک عرصے سے امریکا میں مقیم ہیں۔

پہلے یہ ترجمہ شش ماہی’’السیرۃ عالمی‘‘ کے دو شماروں میں شائع ہوا اور اب اِسے ضروری نظرِ ثانی کے بعد کتابی صُورت میں بھی پیش کیا گیا ہے۔ حافظ حقّانی میاں قادری کا شیخ ابو الفضل عبداللہ کی کتاب’’فضائل النّبی فی القرآن‘‘کو اردو کے قالب میں ڈھالنے کی ضرورت و افادیت کے ضمن میں کہنا ہے کہ’’اِس کتاب کا اصل حُسن یہ ہے کہ اِس میں نبی کریمﷺ کے وہی فضائل و خصائص اور مناقب اختصار، لیکن جامعیت کے ساتھ پیش کیے گئے ہیں، جو قرآن مجید نے بیان کیے ہیں، اِس طرح ان کا استناد بہت مضبوط و مبسوط ہے۔ 

نیز، فاضل مصنّف نے آیاتِ قرآنی سے جس طرح فضائل و خصائص کا استنباط کیا ہے، وہ بہت مدلّل، مضبوط اور لائقِ استحسان ہے۔‘‘کتاب، مصنّف اور مترجّم کے اِس تعارف کی بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کہ یہ کتاب مطالعۂ سیرتؐ کے ضمن میں ایک اہم کاوش ہونے کے ساتھ، تحقیق کے نئے زاویوں سے بھی روشناس کرواتی ہے۔