چین میں لوگ کسی بھی طرح دولت مند بننے کےلیے بےچین رہتے ہیں اور اب ان لوگوں نے اس مقصد کےلیے بینکوں کی مٹی کے تھیلے جو کہ آن لائن فروخت ہوتے ہیں انہیں خریدنا شروع کردیا، ان مٹی کے تھیلوں کو خوش بختی یا دولت کو لانے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
بینک ڈکیتیوں میں عموماً بھاری نقد رقوم یا سونے کی اینٹیں لوٹی جاتی ہیں، لیکن حال ہی میں کئی چینی بینک ایک غیر معمولی قسم کی چوری کا نشانہ بن گئے ہیں، جس میں پودوں کے گملوں کی مٹی یا پھر بینکوں کے ارد گرد موجود عمارتوں کی مٹی چرائی جا رہی ہے۔
چین میں متعدد آن لائن شاپس پر بینک کی مٹی کی چھوٹی تھیلیاں فروخت کی جا رہی ہیں تاکہ انکی خوش بختی سے فوری امیر بنا جاسکے، یہ مٹی کی تھیلیاں 888 یوآن یا 120 امریکی ڈالرز میں مل جاتی ہیں، جبکہ اس غیر عمومی پراڈکٹ کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
کچھ فروخت کنندگان تو 999.999 فیصد تک دولت آنے پر مبنی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہیں، جبکہ دیگر بینک کی مٹی حقیقی ہونے کی ضمانت کے طور پر مٹی کے نکالنے کے عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کرتے ہیں۔
اس رجحان کا چینی سوشل میڈیا پر تمسخر اڑایا گیا ہے لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ بینکوں کی مٹی بہت ساری سائٹس فروخت کر رہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اسکی بہت بڑی مارکیٹ موجود ہے۔
ایک گمنام خریدار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انکا بزنس ہے اور وہ پُرامید ہیں کہ اس سے انکی خوش بختی بڑھے گی اور منافع میں اضافہ ہوگا، انکا کہنا تھا کہ انکے متعدد دوستوں نے بھی یہ مٹی خریدی ہے۔