وزیرِ مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر انتہائی احتیاط سے کام کریں، توہین آمیز مواد شیئر کرنے سے گریز کریں۔
سردار یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر جانے انجانے میں پوسٹ شیئر ہو جاتی ہے، پھر وہ مصیبت بن جاتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ختمِ نبوت پر جو یقین نہیں رکھتا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے، اس پر کوئی دو رائے نہیں۔
وزیرِ مذہبی امور نے کہا کہ مذہب کے معاملے پر کوئی جبر نہیں، پاکستان میں سب کو اپنے اپنے عقائد پر عمل کرنے کی آزادی حاصل ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جہاں اقلیت کا احترام ہے وہیں اکثریت کا بھی احترام کیا جائے، توہینِ صحابہ و اہلِ بیت بل دونوں ایوانوں سے منظور ہوا تھا لیکن معلوم نہیں وہ اس وقت کہاں ہے۔
سردار یوسف نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ بل واپس آئے گا تو مشترکہ اجلاس سے منظور ہو گا لیکن تاحال یہ علم نہیں ہے کہ وہ بل اس وقت کہاں اور کس پوزیشن پر ہے۔