• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک پہیے پر لینڈنگ کرنیوالے پی آئی اے طیارے کا لاپتہ ویل مل گیا، پی اے اے

فوٹو: نمائندہ جنگ
فوٹو: نمائندہ جنگ

قومی ایئرلائن کی پرواز نے گزشتہ روز لاہور میں ایک پہیے پر لینڈنگ کی، لینڈنگ کے وقت اگلے پہیوں میں سے ایک ٹائر غائب تھا، تاہم اب اس کا لاپتہ ویل مل گیا ہے۔

پی آئی اے فلائٹ 306 کا لاپتہ پہیہ تین دن کی تلاش کے بعد کراچی ایئرپورٹ کی حدود سے مل گیا، ایئر بس کمپنی نے طیارے کی ٹیکنیکل بنیادوں پر تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ بورڈ اف سیفٹی انویسٹیگیشن پہلے ہی واقعہ کی تحقیقات کر ریا ہے۔

ایوی ایشن ماہرین نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں جسے طیارے سے پہیہ کے الگ ہونے کا بر وقت پتا نہیں چل سکا۔

پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی حکام کے مطابق فلائٹ 306 کا لاپتہ ویل جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ریموٹ پارکنگ بے کے پاس سے ملا ہے۔ ویل شاپ ٹیکنیشنز نے گراؤنڈڈ بوئنگ 777 طیارے کے لینڈنگ گئیر کے قریب سے ویل ملنے کی اطلاع دی۔

ایئر بس ساختہ 320 طیارے بنانے بنانے والی کمپنی نے پی آئی اے سے پرواز پی کے 306 کے اے پی- بی ایل ایس رجسٹریشن کے حامل ایئر بس طیارے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی۔

ذرائع کے مطابق ایئر بس کمپنی نے طیارے کا تین ماہ کا مکمل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ اور چیک لسٹ بھی طلب کر لی۔ ایئر بس کمپنی نے مذکورہ طیارے کی لینڈنگ گیئر سمیت دیگر رپورٹ بھی مانگ لیں۔

واضح رہے کہ پرواز پی کے 306 بدھ کی شب لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی، لینڈنگ کے بعد طیارے کے ایک ٹائر کی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا تھا،
بورڈ اف سیفٹی انویسٹیگیشن پی ائی اے کے طیارے کا پہلے ہی تحقیقات کر رہی ہے۔ 

ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر طیارے کے ٹیک آف کے بعد پی اے اے کا عملہ رن وے کا باریک بینی سے یہ جائزہ لیتا ہے کہ طیارے سے کوئی چیز نکل کر رن وے پر نہ گری ہو،  کیونکہ رن وے پر پڑی دھاتی یا ٹھوس اشیاء ٹیک آف کرتے کسی دوسرے طیارے کیلئے انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے، لیکن پی اے اے حکام کو پی آئی اے کے طیارے سے پہیہ نکلنے کا علم طیارے کے لاہور پہنچنے کے بعد ہوا اور طیارے سے نکلا ہوا پہیہ کراچی ایئر پورٹ کی حدود سے ہی تین دن بعد مل گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید