گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے،خوارج پاکستان میں ترقی نہیں ہونے دینا چاہتے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیئرمین ایم اکیو ایم پاکستان خالد مقبول کے ہمراہ عائشہ منزل پر سحری کی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ نوشکی میں ایک بار پھر دہشت گردی کا واقعہ ہوا ، ایک مہینے سے کہہ رہا ہوں واقعات میں بھارتی دہشت گردوں کا ہاتھ ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ دہشتگردی کے ذریعے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلا جارہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلوچستان میں غیرملکی طاقتیں سرگرم ہیں، یہ ان کی آخری کوشش ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جنہوں نے اس ملک کو بنایا ہے انکی اولادوں سے چلایا جائیگا تو چلے گا، جو لوگ خودکش حملوں کے ذریعے مسلمانوں کو شہید کررہے ہیں وہ کس قسم کے لوگ ہوں گے، بلوچستان میں غیر ملکی طاقتیں سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے آنے والے گورنر کے لیے گورنر ہاؤس مشکل بنا دیا ہے۔