• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ معاملات اچھے ہو رہے ہیں: شیخ وقاص اکرم

رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم---فائل فوٹو
رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم---فائل فوٹو 

مرکزی سیکریٹری اطلاعات تحریکِ انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق ہم نے جے یو آئی اور جماعت اسلامی سے ملاقاتیں کی ہیں، مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ معاملات اچھے ہو رہے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے جو تحفظات تھے اس کو دیکھا ہے، تعطل ضرور آیا تھا، اب چیزیں بہتر ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہر مخالفت کے باوجود مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھی تھی، پی ٹی آئی ملکی سلامتی کے حوالے سے میٹنگ میں شریک ہوگی۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ نئی نسل کو اپنے حقوق کا پتہ ہے اور انہیں اپنی طاقت کا اندازہ بھی ہے، اغواء کیے گئے نوجوان جن کے پاس بھی ہیں انہیں رہا کیا جائے۔

انہوں نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے جعلی پیج بنائے گئے ہیں انہیں اٹھایا گیا ہے، اغوا کیے گئے نوجوانوں پر کہیں تشدد نہ کیا جا رہا ہو۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی وقت کی ضرورت ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے یہ بھی کہا کہ ایک نوجوان حیدر سعید ہماری آفیشل ٹیم کا حصہ نہیں لیکن ہر احتجاج میں شریک ہوتا ہے، لوگوں پر ایف آئی آر کٹوائیں، تحقیقات کریں لیکن گھروں سے لوگوں کو اٹھانا غلط ہے۔

قومی خبریں سے مزید