کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو متحرک رکھنے کے لئے دس روزہ تر بیتی کیمپ منگل کو بھی جاری رہا، کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اس کے علاوہ انہیں میچوں کی وڈیو کی مدد سے بھی ان کی خامیوں سے آگاہ کیا جارہا ہے، ہیڈ کوچ خواجہ جنید کی نگرانی میں منگل کو پہلے سیشن میں ایروبک کی ٹریننگ دی گئی جس کا مقصد فزیکل فٹنس اور مسلز کو مضبوط بنانے اور ان کی قوت میں اضافہ کرنا ہے۔ صبح اور دوپہر کے دو خصوصی سیشنز میں وڈیو کی مدد سے کھلاڑیوں کو ان کی خامیوں کے بارے میں بتایا گیا۔ کیمپ کمانڈنٹ ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کیمپ میں مجموعی طور پر 42 سینئر ٹیم کے کھلاڑی، اسٹینڈ بائی کھلاڑی اور نوجوان ایمرجنگ کھلاڑی شامل ہیں جن کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے کےلئے خصوصی خوراک استعمال کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کیمپ میں کھلاڑیوں کو خصوصی لیکچر دے رہے ہیں۔ لیکچر سے قبل کھلاڑیوں کو ان کے کھیل سے متعلق ویڈیوز دکھا کر ان کی غلطیوں کی نشاندہی کی جاتی ہے جس کے بعد وہ کھلاڑیوں کو بتاتےہیں کہ کس طرح اپنی غلطیوں پر قابو پا کر کھلاڑی اپنے کھیل میں نکھار لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خصوصی کیمپ کا اہتمام ایجوکیشنل پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔ پوری دنیا میں ہاکی بطور مضمون پڑھایا جاتا ہے لیکن ہمارے ملک میں ایسا نہیں تھا اس لیے 40کے قریب کھلاڑیوں کو اس ایجوکیشنل پروگرام میں شامل کیا ہے تاکہ قومی کھیل کو بہتر کرنے کیلئے سب مل کر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر کھلاڑی کی کمپیوٹر ائزڈ فائل بنا دی گئی ہے اور اس میں فٹنس سمیت تمام تفصیلات در ج کی گئی ہیں۔ اس اقدام کی وجہ سے کھلاڑی گھر جاکر بھی اپنے فٹنس لیول کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی اپنا فٹنس لیول برقرار نہیں رکھے گا اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔ پی ایچ ایف نے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کاکول ایبٹ آباد میں لگانے کا فیصلہ کیا۔