• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں تاریخی ورثے کی بحالی اور اسے محفوظ کرنے کیلئے لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریوائیول (لہر)اور اس کی ذیلی عمل درآمد کمیٹی قائم کی گئی ہے،جو اپنے کام کا آغاز لاہور کے تاریخی مقامات سے تجاوزات ہٹانے سے کریگی۔اس موقع پرنواز شریف نےلہر کی اسٹیرنگ کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ کے طور پر تجاوزات کے متاثرین کو متبادل جگہ اور معاوضہ دینے کی ہدایت کی۔انھوں نے اجلاس پر زور دیا کہ پرانے لاہور کی خوبصورتی بحال کیا جانا ضروری ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے یقین دلایا کہ لاہور کے قدیمی دروازوں سمیت شہر کی تاریخی عمارتوں کو بھی ان کی اصل شکل دی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کی کم ز کم115عمارتیں تاریخی ورثے کی حیثیت رکھتی ہیںجبکہ انگریز دور کی 75میں سے48قدیمی عمارتوں کی بحالی پر کام ہورہا ہے۔سرزمین پاکستان کا ایک بڑا حصہ بلندوبالا سرسبز اور برف سے ڈھکےپرفضاپہاڑی مقامات،وادیوں ،جھیلوں اور آبشاروں کے دلکش نظاروں پر مشتمل ہے،جو مقامی اور عالمی سیاحت کی دلچسپی کا مرہون منت ہے۔اس کا دوسرا پہلوہزاروں سال پرانے آثار قدیمہ اور سیکڑوں سال پہلے کی تاریخی عمارات ہیں ۔ان سے بہت کم دنیا واقف ہے ،جسے اصل حالت میں لانے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور اس سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ریونیو کی مد میں خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔تاریخی ورثے کی حفاظت اور اسے سیاحوں کیلئے دلکش بنانے کی غرض سے محکمہ آثار قدیمہ شروع دن سے قائم ہے،تاہم ابھی تک وہ اقدامات بروئے کار نہ لائے جاسکے ،جن کی بدولت تاریخی عمارات کی شان وشوکت بحال ہوسکے۔ بہت سی تاریخی عمارتیں محکمہ وقف املاک کے پاس ہیں،ان کے بارے میں بھی سوچ بچار ہونی چاہئے۔

تازہ ترین