• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنیتا ولیمز کی خلاء سے واپسی، ڈولفنز کا شاندار استقبال



سنیتا ولیمز اور دیگر خلاء بازوں کے خلاء میں 9 ماہ گزارنے کے بعد زمین پر قدم رکھنے پر ڈولفنز نے ان کا شاندار اور منفرد استقبال کیا جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

 امریکی خلاء باز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور ایک غیر متوقع 9 ماہ طویل خلائی مشن کے بعد بحفاظت زمین پر واپس پہنچ گئے ہیں۔

 ان کے ساتھ ناسا کے خلاء باز نک ہیگ اور روسی خلائی ایجنسی روسکو سموس کے خلاء باز الیگزینڈر گوربونوف بھی موجود تھے، ان سب نے ناسا اسپیس ایکس کریو-9 ٹیم کی حیثیت سے کام کیا۔

ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے ڈریگن اسپیس کرافٹ کے ذریعے یہ خلاء باز فلوریڈا کے ساحل پر بحفاظت لینڈ کر گئے۔

خلاء بازوں کی واپسی پر ایک حیرت انگیز منظر پیش آیا جب اسپیس ایکس کے ڈریگن کیپسول کے ارد گرد پانی میں ڈولفنز تیراکی کرتی نظر آئیں، یہ خوبصورت لمحہ ناصرف حیران کن بلکہ دل کو چھو لینے والا بھی تھا، اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

کیپسول کے پانی میں لینڈ کرنے کے بعد ریکوری ٹیم نے اسے بحفاظت نکالا اور پھر کئی ماہ بعد اس کا سائیڈ ہیچ پہلی مرتبہ کھولا گیا۔

 خلاء باز کیپسول سے باہر  آئے اور انہیں فوری طور پر ہیوسٹن لے جایا گیا جہاں وہ 45 دن کے بحالی پروگرام میں شامل ہوں گے۔

یہ مشن دراصل محض 8 دن کے لیے ترتیب دیا گیا تھا، تاہم بوئنگ کے اسٹار لائنر کیپسول میں ہونے والی تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے خلاء بازوں کو 9 ماہ تک خلاء میں رہنا پڑا۔

 جون 2024ء کو خلاء میں جانے والے دونوں خلاء بازوں کے لیے واپسی کا سفر غیر یقینی صورتِ حال سے دو چار تھا کیونکہ اسٹار لائنر کیپسول پروپلشن مسائل کا شکار ہو گیا تھا۔

کئی مہینوں کی تاخیر اور تیاری کے بعد بالآخر خلاء میں موجود ٹیم کے لیے امدادی مشن اتوار کے روز انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر پہنچا اور یوں سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور کی واپسی ممکن ہو سکی۔

کریو-9 کی کامیاب واپسی کے ساتھ ہی کریو-10 نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں، یہ نیا مشن وہاں اہم سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیاں انجام دے گا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید