لاہور ہائی کورٹ نے تحریکِ انصاف کے رہنما اکمل خان باری کی مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے دائر درخواست نمٹا دی۔
تحریکِ انصاف کی 22 مارچ کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے کہا کہ جلسے کی اجازت کے لیے متعلقہ حکام نے درخواست مسترد کر دی ہے، جلسے کی اجازت نہ دینے کے اقدام کو چیلنج کیا جا سکتا ہے۔
جج نے کمشنر اور ڈی سی کے جواب کی نقول درخواست گزار کے وکیل کو دینے کی ہدایت کر دی۔
کمشنر لاہور ڈویژن کی طرف سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے جواب داخل کرایا۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ جلسے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا اختیار ڈی سی کے پاس ہے، ڈی سی نے جلسے کی اجازت کے لیے درخواست پر فیصلہ کر دیا ہے۔
کمشنر نے کہا کہ ڈی سی نے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس کے بعد جلسے کی اجازت نہیں دی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما کی درخواست میں جلسے کی اجازت کے لیے درخواست پر فیصلہ نہ کرنے کا اقدام چیلنج کیا گیا تھا۔