کینیڈا سے تعلق رکھنے والے بھارتی نژاد جوڑے کو اپنی شادی کی تقریبات کے دوران ایک خطرناک حادثے کا سامنا کرنا پڑا جب ایک کلر بم اچانک پھٹ گیا جس نے دلہن کو شدید زخمی کر دیا۔
دلہا وکی اور دلہن پیا نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ویڈنگ فوٹو شوٹ کے دوران پیش آنے والے خوفناک لمحے کو بیان کیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فوٹوگرافرز نے رنگین دھواں چھوڑنے والے بم ترتیب دیے تھے تاکہ خوبصورت پسِ منظر بن سکے، لیکن جیسے ہی دلہا نے دلہن کو اٹھایا، ایک کلر بم پھٹ کر سیدھا دلہن کو جا لگا۔
حادثے کے فوراً بعد دلہن کی کمر پر جلنے کا نشان واضح ہو گیا اور اس کے بال بھی جل گئے۔
دلہا اور دلہن نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں زخموں کا علاج کیا گیا، اس کے باوجود انہوں نے اپنی استقبالیہ تقریب میں شرکت کی اور باقی دن انجوائے کرنے کی کوشش کی۔
وکی اور پیا نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ یہ پوسٹ اس لیے کی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو آگاہ کیا جا سکے کہ کلر بم یا آتش بازی کے استعمال میں ہمیشہ خطرہ موجود رہتا ہے، ہم نے تمام حفاظتی تدابیر اختیار کی تھیں، اس کے باوجود حادثہ ہو گیا۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی یہ ویڈیو 22 ملین سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے، اور ہزاروں صارفین نے جوڑے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔