امریکی ریاست اوہائیو میں ایک خاتون نے سستی اشیا فروخت کرنے والے اسٹور سے ایک پینٹنگ 2.99 میں خریدی۔ تاہم بعد میں جب یہ پتہ لگا کہ یہ معروف امریکی پینٹر جوہان برتھیلسن کی بنائی ہوئی ہے، جس پر اس پینٹنگ کو جب نیلام کیا گیا تو اسکی قیمت 2,875 ڈالر لگی۔
اوہائیو کے شہر ڈیٹون کی رہائشی اس خاتون کا نام مریسا الکورن ہے، اس نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور اسکا منگیتر ڈنر کے بعد ایک گڈ ول اسٹور پر رکے۔
اور جب ہم واپس جانے لگے تو میری نظر ایک دلچسپ سے فریم پر پڑی جسے اسٹور کے ملازم نے اسٹور کے پچھلے حصے سے اٹھا کر یہاں لا کر رکھا تھا۔
میں نے اس بیکار سی پینٹنگ کو جو کہ صرف 2.99 ڈالر کی تھی خرید لیا۔ کار میں اسے رکھنے کے دوران میری نظر اس کے فریم کے نیچے ایک چھوٹی سی تختی پر گئی۔
تجسس کی وجہ سے میں نے نام ٹائپ کیا تو پتہ چلا یہ تو جوہان برتھیلسن کی پینٹنگ ہے، پہلے تو میں سمجھی کہ یہ اصلی نہیں ہے۔ لیکن سوشل میڈیا پر جب میں فری آرٹ اپریزل سے معلومات حاصل کی تو اسکے اصلی ہونے کا پتہ چلا۔
بعدازاں میں اسے سنسیناٹی کے آکشن ہاؤس لے گئی جہاں اس کی قیمت 2,875 ڈالر لگی۔ اب یہ رقم اپنی شادی کے لیے استعمال کروں گی۔