• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عشرت فاطمہ، کراچی

عیدالفطر روزے داروں کے لیے اللہ تعالی کا انعام، خوشیوں، مسرّتوں کا دوسرا نام ہے۔ اس روز چار سُو خوشیوں کے رنگ ہی رنگ بِکھرے نظر آتے ہیں۔ مَرد و خواتین، بچّے، بوڑھے سب ہی نئے جوڑے زیبِ تن کیے ہوتے ہیں، تو دِلوں میں بھی خوشی کا ایک الوہی احساس جاگزیں رہتا ہے۔ 

ایک طرف زرق برق پہناوے، منہدی، عطر کی خوش بُو، چوڑیوں، پازیبوں کی کھنکھناہٹ، بچّوں کی شوخیاں، شرارتیں، لڑکیوں بالیوں کے قہقہے، ہنسی مذاق، بڑوں، بزرگوں کی عیدی کی صُورت خُوب شفقت و سخاوت ہے، تو دوسری جانب خواتینِ خانہ خاص الخاص پکوانوں مثلاً شیر خرمے، سویّوں، چکن کڑاہی، بریانی اوردَم کے قیمے جیسے روایتی کھانوں کی تیاری میں جُٹی ہیں کہ تہوار کے اس موقعے پر کم وبیش ہر گھر ہی میں دعوتوں کا خاص اہتمام ہوتا ہے۔ 

تو آئیے، اِمسال ’’میٹھی عید‘‘ کے اس پُرمسرّت موقعے پر عزیزواقارب کی دعوت میں ہم بھی آپ کی کچھ مدد کردیں۔ سو، ذیل میں روایتی تہوار کی مناسبت سے کچھ روایتی پکوانوں ہی کی تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

شیرخُرما

اجزاء: سویّاں چار کپ، دودھ ایک کلو، چھوہارے سات سے آٹھ عدد( باریک کاٹ لیں)، بادام دس عدد، پستے دس عدد، سیاہ کشمش آدھا کپ، گھی دو کھانے کے چمچ، ہری الائچی چھے عدد، لونگ چارعدد، چینی حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: سب سے پہلے دودھ گرم کریں اور اُس میں چینی ملا کےاس قدرپکائیں کہ وہ خُوب گاڑھا ہوجائے۔ اب اِس میں چھوہارے ڈال کر کچھ دیر مزید پکائیں، آنچ دھیمی کردیں۔ دوسرے چولھے پر ایک برتن میں گھی ڈالیں اورپھر سبز الائچی اور لونگ شامل کرکے اتنی دیر پکائیں کہ خُوش بُو آنے لگے۔ اس کے بعد بادام، پستہ شامل کرکے ہلکا سا فرائی کرکے ایک طرف رکھ دیں۔

اب ایک اور پین لیں اور اُس میں سویّوں کو ہاتھوں سے کچل کر ڈالنے کے بعد گولڈن براؤن ہونے تک پکائیں۔ اس کے بعد سیاہ کشمش شامل کر کے درمیانی آنچ پر مزید پکائیں۔ اب اس مرکب میں چھوہاروں کے ساتھ پکا ہوا دودھ، اور بادام پستے کا قوام بھی شامل کردیں۔ خُوش بُو کے لیے تھوڑا سا کیوڑا شامل کرکے بیس منٹ تک پکائیں۔ لیجیے، مزے دار شیرخُرما تیار ہے۔

قوامی سویّاں

اجزاء: سویّاں ایک پیکٹ، تیل حسبِ ضرورت، چینی حسبِ ضرورت، پسی ہوئی چھوٹی الائچی چھے عدد، پستہ، بادام اور ناریل دو، دو کھانے کے چمچ، زعفران یا زردہ رنگ تھوڑا سا۔

ترکیب: دو کپ پانی میں چینی ڈال کر شیرہ بنالیں۔ پھر زردہ رنگ یا پسا ہوا زعفران ڈال کر چمچ چلائیں اور اُتارلیں۔ تیل میں الائچی گرم کر کے سویّاں بُھون لیں، اُس کے بعد شیرہ ملاکر اتنا پکائیں کہ پانی خُشک ہوجائے۔ کچھ دیر دَم پر رکھیں اور سَرو کرتے ہوئے اوپر سے پستہ، بادام اور ناریل سے گارنش کردیں۔

چکن بریانی

اجزاء: چاول ایک کلو (دھو کردوگھنٹے کے لیے بھگو دیں)چکن ایک کلو، ہری مرچ دس عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک ایک کھانے کا چمچ، پسی ہوئی سُرخ مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچ، ہلدی چوتھائی چائے کا چمچ، پسا ہوا دھنیا ڈیڑھ چائے کا چمچ، لونگ چھےعدد، ہری الائچی چار عدد، پسی ہوئی جائفل جاوتری چوتھائی چائے کا چمچ، پسی ہوئی ہری الائچی چوتھائی چائے کا چمچ، تیز پات ایک عدد، دارچینی دو ٹکڑے، کالی مرچ دس عدد، کالا زیرہ آدھا چائے کا چمچ، آلو بخارےآٹھ عدد، گھی آدھاکپ، تلی پیاز ایک کپ، لیموں سلائسز میں کٹا ہوا ایک عدد، ٹماٹر سلائسز میں کٹے ہوئے تین عدد، دہی ایک پیالی،کٹی ہوئی ہری مرچ چار عدد، دھنیا، پودینا، زردہ رنگ حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے چکن میں دوکپ پانی ڈال کے، لہسن، ادرک کا پیسٹ، ہری مرچ، نمک، لال مرچ، ہلدی، لونگ اور ثابت ہری الائچی ڈال کر پکائیں، یہاں تک کہ چکن گل جائے اور پانی ایک کپ کے برابر رہ جائے۔ 

اب اِسی پین میں جائفل جاوتری، پسی ہری الائچی، تیز پات، دارچینی، کالی مرچ اور کالا زیرہ ڈالیں۔ ساتھ ہی کٹا ہواہرا دھنیا، پودینا، ہری مرچ، لیموں، ٹماٹر، آلو بخارا اور دہی ڈال کر اوپر سے آدھا کپ گھی اور تلی ہوئی پیاز ڈال دیں۔

اب دوسری پتیلی میں چاولوں کوتین کھانے کے چمچ نمک ڈال کراِس قدرابالیں کہ وہ دوکنی رہ جائیں۔چاولوں کو چھانتے ہوئے اُن میں تھوڑا سا پانی بچالیں۔ پتیلی میں چاولوں پر تیار چکن پھیلائیں اور زردہ رنگ، تھوڑے سے دودھ میں گھول کر اوپر سے چھڑک دیں۔ اب ڈھک کر تیز آنچ پرپانچ منٹ پکائیں۔ اُس کے بعد چولھے کی آنچ ہلکی کرکے پندرہ منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔ لیجیے، مزے دار بریانی تیار ہے۔ مختلف اقسام کے رائتوں، سلاد کے ساتھ پیش کی جاسکتی ہے۔

چکن کڑاہی

اجزاء: چکن ایک کلو، دہی ایک پاؤ، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، تیل دو کپ، کٹی ہوئی سرخ مرچ دو کھانے کے چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسب ِذائقہ، دھنیا پاؤڈردو کھانے کےچمچ، گرم مسالا پائوڈر ایک کھانے کا چمچ، ثابت ہری مرچ چھے عدد، ہرا دھنیا، ادرک باریک کٹی ہوئی گارنشننگ کے لیے۔

ترکیب: سب سے پہلے کڑاہی میں تیل گرم کریں اورچکن اور لہسن پیسٹ ڈال کرفرائی کرلیں۔ دس منٹ بعد سُرخ مرچ، نمک، ہلدی شامل کر دیں۔ تھوڑی دیر بھوننے کے بعد دہی پھینٹ کر ملائیں اور ساتھ ہی دھنیا پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر بھی ڈال دیں۔ ذرا سا پانی ڈال کر چکن نرم ہو جانے تک ڈھک دیں۔ پانی خشک ہوجائے، تیل اوپر آجائے، تو کَٹی ہوئی ادرک، ہرے دھنیے کے ساتھ گارنش کرکے چولھا بند کردیں۔ مزے دار چکن کڑاہی تیار ہے، گرما گرم نان کے ساتھ پیش کریں۔

دَم کا قیمہ

اجزاء: کالے چنے دو کھانے کے چمچ، بُھنی ہوئی خشخاش ایک کھانے کا چمچ، سفید اور کالا زیرہ ایک ایک چائے کا چمچ، چھوٹی الائچی پانچ سے چھے عدد، لونگ چار سے پانچ عدد، کالی مرچ چھے سے سات عدد، بیف قیمہ ایک کلو (مشین کا پسا ہوا)، دہی ایک پائو، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، کچا پپیتا پسا ہوا دو کھانے کے چمچ ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچ پسی ہوئی دو سے تین عدد، گرم مسالا پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، لیموں کارس دوچائے کے چمچ، پودینا آدھی گٹھی، پیاز لچھوں میں کٹی ہوئی ایک عدد، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: گرائنڈر میں کالے چنے، خشخاش، سفید زیرہ، کالا زیرہ، چھوٹی الائچی، لونگ اور کالی مرچ ڈال کر پیس لیں۔ ایک پتیلی میں تیل لےکر، اُس میں قیمہ اور لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ اُس کے بعدلال مرچ، کچا پپیتا، ہری مرچ، دہی، پسے ہوئےاجزا اور پسا ہوا گرم مسالا بھی شامل کردیں۔ 

کچھ دیر مزید بھونیں اور تھوڑا سا پانی شامل کر کے ڈھک دیں۔ قیمہ گَل جائے تو لیموں کا رس ڈال کر چار سے پانچ منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔ لیجیے، مزے دار دَم کا قیمہ تیار ہے۔ پودینے، ہری مرچ اور پیاز کے لچھوں سے گارنش کر کے پیش کریں۔