انڈین پریمیئر لیگ IPL کے 18ویں سیزن کا آغاز شاندار افتتاحی تقریب سے ہوا، جس میں فلمی اور کرکٹ ستاروں نے ایڈن گارڈنز کولکتہ میں چار چاند لگا دیے۔
اس موقع پر بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی کے جھومے جو پٹھان گانے پر رقص نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔
تقریب کی سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی جھلک بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور بھارتی کرکٹ کے سپر اسٹار ویرات کوہلی کا مشہور گانے جھومے جو پٹھان پر رقص تھی جس نے شائقین کو دیوانہ بنا دیا۔
شاہ رخ خان کی خوش مزاجی اور انرجی نے تقریب کو اور بھی خاص بنا دیا، ابھرتے ہوئے کھلاڑی رِنکو سنگھ نے بھی شاہ رخ خان کے ساتھ اسٹیج پر قدم رکھا اور فلم ڈنکی کے گانے لُٹ پُٹ گیا پر رقص کیا۔
شاہ رخ نے اپنے مخصوص انداز میں کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں بھی جشن میں شامل کر لیا۔
ایڈن گارڈنز میں منعقدہ اس رنگا رنگ تقریب میں کئی معروف فنکاروں نے شاندار پرفارمنس دی، مشہور گلوکارہ شریا گھوشال نے اپنی مدھر آواز سے سامعین کو محظوظ کیا جبکہ اداکارہ دیشا پٹانی اور گلوکار کرن اوجلا کی پرفارمنس نے شائقین کا جوش بڑھایا۔