کراچی میں کارساز روڈ پر کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹکر مارنے والی گاڑی فرار ہونے لگی مگر ٹائر برسٹ ہوگیا تھا، اس دوران مشتعل شہریوں نے ٹکر مارنے والی گاڑی کو روک لیا اور اس میں سوار ایک شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق ٹکر مارنے والی گاڑی میں 4 افراد سوار تھے، تین فرار ہوگئے۔شارع فیصل پر مشتعل افراد نے ٹکر مارنے والی گاڑی پر توڑ پھوڑ کی، اس دوران ٹریفک جام ہوگیا۔
اس موقع پر مشتعل شہریوں نے مطالبہ کیا کہ کار سوار کو ہمارے حوالے کیا جائے۔
اس واقعہ کے عینی شاہد کے مطابق دو کاریں ایئرپورٹ کی طرف سے ریس لگاتی آ رہی تھیں، کارساز کے مقام پر سفید کار نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماری۔
عینی شاہد نے مزید بتایا کہ واقعہ کی جگہ پر کار کی ٹکر سے بچنے والی فیملی بھی موجود تھی۔
عینی شاہد کے مطابق کار نے میرے سامنے موٹرسائیکل سوار مرد اور خاتون کو ٹکر ماری، میں بیوی بچوں کیساتھ گزر رہا تھا، ہم کار سے بال بال بچے۔
دریں اثنا پولیس کا کہنا ہے کہ کار کے ڈرائیور کو تھانے منتقل کردیا گیا، صورتحال کو کنڑول کرلیا گیا ہے، نفری موقع پر موجود ہے۔
کراچی میں رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 220 ہوگئی ہے۔