• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: عدالت کا فیصل جاوید کا نام پی این آئی ایل اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم

فیصل جاوید: فوٹو فائل
فیصل جاوید: فوٹو فائل

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما  فیصل جاوید کا نام پی این آئی ایل اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

 پروویژنل نیشنل آئڈینٹیفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) سے نام نکالنے کے لیے فیصل جاوید کی درخواست پر جسٹس صاحبزادہ اسداللّٰہ اور جسٹس اورنگزیب نے درخواست کی سماعت کی۔

 عدالت نے استفسار کیا کہ فیصل جاوید کا نام کن ایف آئی آرز کی بنیاد پر لسٹ میں شامل کیا گیا؟ 

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ 2022، 2023 اور 2024 میں درج 6 ایف آئی آرز کا ریکارڈ موجود ہے، جن میں سے بیشتر میں نام نکالا جا چکا ہے، تاہم تین کیسز میں پی این آئی ایل اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل ہے۔

 عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے اور 26 نومبر کے واقعات ریاست مخالف تھے، جس پر ان کا نام شامل کیا گیا۔ 

وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ فیصل جاوید کا نام سیاسی بنیادوں پر لسٹ میں ڈالا گیا اور خدشہ ہے کہ مزید کیسز میں بھی نام شامل کر دیا جائے گا۔ 

عدالت نے استفسار کیا کہ پی این آئی ایل اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ دونوں میں نام ڈالنے کی کیا ضرورت تھی؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف دیا کہ دونوں کی قانونی حیثیت مختلف ہے۔ 

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فیصل جاوید کا نام پی این آئی ایل اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

قومی خبریں سے مزید