کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے مواچھ گوٹھ میں کھلے مین ہول میں بچہ گر کر جاں بحق ہوگیا۔ اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے تین سال کا عبدالرحمان گٹر میں گرا۔
بچے کے گرنے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور گٹر سے لاش نکالی۔
بچے کے اہل خانہ کا کہنا ہے بچہ کھیل رہا تھا جو مین ہول پر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے گٹر میں گرا۔
سول اسپتال میں قانونی کارروائی کے بعد بچے کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔
اہل خانہ نے حب ریور روڈ پر لاش رکھ کر احتجاج کیا اور سڑک بند کردی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، بعد میں پولیس نے مذاکرت کرکے روڈ کھلوا دی۔
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن فیضان کے مطابق مظاہرین سے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کروادیا گیا۔