کراچی (افضل ندیم ڈوگر )کراچی ایئر پورٹ پر عید الفطر کی چھٹیوں کی وجہ سے امیگریشن کے اسٹاف میں شدید کمی دیکھنے میں آئی جس کے باعث مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور کئی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں ، ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایف ائی اے امیگریشن میں اسٹاف پہلے ہی کم ہے اور عید پر بیشتر افسران چھٹیوں پر چلے گئے، عید کے دنوں میں اوسطا 4 امیگریشن آفیسر ایک شفٹ میں ڈیوٹی پر موجود اور لگ بھگ 8 امیگریشن کائونٹر خالی دیکھے گئے ، ذیادہ دشواری ڈیپارچر پر رہی جہاں ایک وقت میں 800سے ایک ہزار بین الاقوامی مسافر لائنوں میں کھڑے دیکھے گئے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق سیکڑوں مسافر پروازوں کی روانگی کے عین وقت پر ڈیپارچر لاونج پہنچ سکے، اے ڈی امیگریشن ڈیپارچر عبدالجبار میندرو کے مطابق ایک وقت میں کئی پروازوں کا شیڈول ہونے کی وجہ سے امیگریشن ڈیپارچر پر کچھ رش بڑھ گیا تھا تاہم مسافروں کو وقت پر کلیئر کر دیا گیا اور کوئی پرواز تاخیر کا شکار نہیں ہوئی۔