قومی ایئرلائن پی آئی اے کو پائلٹس اور فضائی میزبانوں کی کمی کا سامنا ہے۔ انتظامیہ نے کاکپٹ کریو اور کیبن کریو کی بھرتی کیلئے اشتہار جاری کر دیا ہے۔
ایئرلائن ذرائع کا بتانا ہے کہ تنخواہوں کے کم پیکیج کی وجہ سے بڑی تعداد میں پائلٹس قومی ایئرلائن چھوڑ گئے ہیں۔
پی آئی اے انتظامیہ نے پائلٹس اور فضائی میزبانوں کی بھرتیوں کے حوالے سے اشتہار جاری کیا ہے۔ اس سلسلے میں 20 پائلٹس اور 40 فضائی میزبانوں کی بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کیپٹن اور فرسٹ آفیسر کی بھرتی کےلیے جاری اشتہار میں کیپٹن کےلیے عمر کی حد 50 سال جبکہ فرسٹ آفیسر کےلیے عمر کی حد 40 سال رکھی گئی ہے۔
فضائی میزبانوں کیلئے فریش امیدوار کی عمر کی حد 25 سال جبکہ تجربہ کار ائیرہوسٹس کےلیے عمر کی حد 30 سال مقرر کی گئی ہے۔ فضائی میزبانوں کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت گریجویشن رکھی گئی ہے۔