مسلم لیگ ن فرانس کے رہنما تصور حسین تارڑ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں انشا اللّٰہ پاکستان ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرے گا۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار پارٹی کے جوائنٹ سیکرٹری راجہ محمد علی کے والد راجہ عظمت حسین کی عیادت کے موقع پر اکٹھے ہونے والے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کے دوران کیا
انھوں نے کہا کہ پارٹی قائد نواز شریف کے ملکی سیاست میں دوبارہ سرگرم ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز اور ان کی معاشی ٹیمیں ملک اور پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں میں مزید تیزی لائیں گے۔
تصور حسین تارڑ نے کہا موجودہ حکومت کی ایک سال کی کارگردگی خصوصاً بجلی کے نرخوں میں حالیہ کمی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت ہمیشہ سے عوامی بھلائی کو ترجیح دیتی آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخوں میں ریکارڈ کمی نہ صرف حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے بلکہ یہ اقدام عوام اور صنعتی شعبے کےلیے خوش آئند ہے۔
تصور حسین تارڑ نے کہا کہ پارٹی قائد میاں نواز شریف کے وژن کے عین مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک درست سمت پر گامزن ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی ملک کو ڈیفالٹ کرانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے اور اندھیروں سے نکالنے کا سہرا قائد میاں نواز شریف کے سر جاتا ہے۔ نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث آج ملک میں ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں اور معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ فرانس سمیت یورپ بھر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو مزید فعال، مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ اور پارٹی کو ایک مؤثر سیاسی قوت کے طور پر مزید منظم کریں گے۔