• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیض آباد احتجاج کیس: آئندہ سماعت پر فردِِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں بانیٔ پی ٹی آئی، رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف احتجاج، توڑ پھوڑ اور 26 نومبر کے احتجاج کے کیسز پر سماعت ہوئی۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کی۔

سب سے پہلے بانیٔ پی ٹی آئی کی نااہلی پر فیض آباد کے مقام پر احتجاج کے کیس کی سماعت ہوئی۔

ملزمان کی عدم حاضری کے باعث فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کر دی گئی۔

رہنما پی ٹی آئی فیصل جاوید کی جانب سے 15 دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

جج طاہرعباس سِپرا نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگلی سماعت پر تمام ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جائے گی، جو ملزمان پیش نہیں ہوں گے ان کے وکلاء کے ذریعے فردِ جرم عائد ہو گی۔

وکیلِ صفائی نے سماعت کے دوران استدعا کی کہ لمبی تاریخ دے دیں ملزمان پیش ہو جائیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 15 اپریل تک ملتوی کر دی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز، کنول شوزب عدالت میں پیش ہوئے۔

جج طاہر عباس نے ریمارکس میں کہا کہ آپ ان پر فیصلے کروائیں، لمبے کیسز کیوں چلوا رہے ہیں؟ امید ہے آپ اتنے فارغ تو ہیں نہیں کہ بار بار پیش ہوں۔

بعد ازاں عدالت نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت 5 مئی تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان، فیصل جاوید، واثق قیوم و دیگر کے خلاف تھانہ آئی 9، تھانہ سی ٹی ڈی اور گولڑہ میں مقدمات درج ہیں۔

قومی خبریں سے مزید