بھارتی کوریوگرافر دھناشری ورما نے اپنے سابق شوہر اور کرکٹر یوزویندر چہل کے حال ہی میں پوڈکاسٹ میں اپنی طلاق کے بارے میں کھل کر بات کرنے پر اپنی خاموشی توڑ دی۔
محتاط جواب دیتے ہوئے دھناشری ورما نے اپنی زندگی کی ایک جھلک شیئر کی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ فی الحال دبئی میں وقت گزار رہی ہیں۔
بھارتی کوریوگرافر دھناشری ورما نے پیر کو انسٹاگرام پر دبئی میں اپنے قیام کی جھلک پیش کی، وہ کرکٹر یوزویندر چہل سے اپنی طلاق کی وجہ سے خبروں میں رہی ہیں۔
دھناشری نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر دبئی کی اپنی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ وڑا پاؤ اور پانی پوری جیسے اسٹریٹ فوڈ کھاتے ہوئے، گولڈن آور میں چہل قدمی کے دوران اور ایک مندر کا دورہ کرتی نظر آ رہی ہیں، یہ سب کرتے ہوئے وہ پرسکون ماحول سے لطف اندوز ہوئیں۔
تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس حوالے سے انہوں نے لکھا ہے کہ میرا یہ سفر یادوں سے بھرا ہوا تھا، ایسا لگتا ہے کہ ایک عمر کے بعد دبئی واپس آئی ہوں، یہاں آکر مجھے بہت سی یادیں ملیں اور یہ دیکھا کہ شہر کتنا بدل گیا ہے، یہ سب کچھ بیک وقت غیر حقیقی اور دل کو خوش کر دینے والا تھا، اس سفر کی خاص بات اس خوبصورت مندر کا دورہ تھا، یہ شہر ثقافت اور کمیونٹی کو اپنانے میں کتنا آگے نکل گیا ہے، اپنی جڑوں سے دوبارہ جڑنے کے لیے شکر گزار ہوں۔
چہل کے طلاق کے فیصلے پر بات کرنے کے بعد یہ ان کی پہلی پوسٹ ہے، اگرچہ انہوں نے چہل کے بیانات کا براہِ راست جواب نہیں دیا ہے لیکن یہ پوسٹ اس حوالے سے بہت کچھ کہہ رہی ہے۔
ایک یوٹیوب چینل پر چہل نے اپنی ذاتی زندگی اور دھناشری ورما سے اپنی طلاق کے بارے میں کھل کر بات کی اور کہا کہ میرے خیال میں جب میری طلاق ہوئی تو لوگوں نے مجھ پر دھوکا دہی کا الزام لگایا، میں نے اپنی زندگی میں کبھی دھوکا نہیں دیا، میں اس قسم کا شخص نہیں ہوں، آپ کو مجھ سے زیادہ وفادار کوئی نہیں ملے گا، میں اپنے قریبی لوگوں کے لیے ہمیشہ دل سے سوچتا ہوں، میں کسی سے مطالبہ نہیں کرتا بلکہ میں ہمیشہ دیتا ہوں، جب لوگ کچھ نہیں جانتے، لیکن وہ الزام لگاتے رہتے ہیں، تو پھر آپ سوچنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
اپنی طلاق کی آخری سماعت کے دن ’Be Your Own Sugar Daddy‘ کی ٹی شرٹ پہننے کے اپنے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے چہل نے کہا مخالف سمت سے ایسا کچھ ہوا کہ میرا شروع میں جواب دینے کا ارادہ نہیں تھا لیکن پھر میں نے سوچا کہ بہت ہو گیا، اب مجھے کسی کی پرواہ نہیں، میں نے کسی کو گالی نہیں دی، میں صرف اپنا پیغام پہنچانا چاہتا تھا۔
یوزویندر چہل اور دھناشری نے دسمبر 2020ء میں گروگرام میں ایک سادہ تقریب میں شادی کی تھی، دونوں کوویڈ-19 کی وباء کے دوران ملے تھے جب چہل نے دھناشری سے ڈانس سکھانے کے لیے کہا تھا۔
دونوں جون 2022ء میں الگ ہو گئے تھے، 5 فروری کو انہوں نے باہمی رضامندی سے طلاق کے لیے فیملی کورٹ میں مشترکہ درخواست دائر کی، انہیں اس سال مارچ میں طلاق دے دی گئی۔
اس وقت ایسی افواہیں بھی تھیں کہ دھناشری نان و نفقہ کے طور پر 60 کروڑ روپے مانگ رہی تھیں تاہم دھناشری کے خاندان نے ایک بیان جاری کرکے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا تھا۔