• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنٹی ریحانہ ہوں یا کوئی اور قانون 80 سالہ شخص توڑے یا 18 سال کا، ایک جیسی بات ہے، طلال چوہدری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آنٹی ریحانہ ہوں یا کوئی اور قانون 80 سالہ شخص توڑے یا 18 سال کا، ایک جیسی بات ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ آپ اپنے احتجاج کے پروگرام سے انتظامیہ کو آگاہ کیوں نہیں کرتے؟ آپ آگاہ کریں ہم سیکیورٹی دیں گے، تحفظ بھی دیں گے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ وزارت داخلہ نے کل چاروں صوبوں کے ساتھ مل کر یوم استحصال کشمیر اور پی ٹی آئی کے احتجاج پر میٹنگ کی۔ ہم نے میٹنگ میں سب کو کہا کہ ان سے رابطہ کریں اور پوچھیں کہاں احتجاج کرنا چاہ رہے ہیں لیکن کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا سے رات دس بجے خبر ملتی ہے کہ کے پی کے ہاؤس میں اکٹھے ہوں گے اور اڈیالا جائیں گے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ مجمع اکٹھا ہو اور یہاں سے اڈیالا جیل یا کسی جگہ پر حملہ کرے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ یہ اپنے پروگرام سے متعلق ہمیں اطلاع کیوں نہیں دیتے، انتظامیہ کو آن بورڈ کیوں نہیں لیتے؟ یہ ہر اس دن اور موقع پر احتجاج کرتے ہیں جس دن سے پاکستان کا کوئی قومی مفاد وابستہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے کا مسئلہ سیکیورٹی فورسز کا نہیں سیاسی قیادت کی بزدلی کا ہے، اسی طرح بلوچستان میں سیاسی قیادت کو اپنا فرض نبھانا ہوگا، کسی قسم کا نیا آپریشن نہیں ہو رہا، باجوڑ کے حوالے سے بھی کوئی نیا آپریشن نہیں ہو رہا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ کے پی اور بلوچستان کی سیاسی جماعتیں اپنی ذمے داری کو پہچانیں، ان کی غیر ذمے داری کی قیمت پاکستان کو چکانی پڑ رہی ہے، مزید برداشت نہیں کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید