جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر و وزیر اعظم ہان ڈَک سو نے 3 جون کو قبل از وقت صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مواخذے کا سامنا کرنے والے جنوبی کوریا کے صدر یون سک کی آئینی عدالت کی جانب سے برطرفی کے بعد 21 ویں صدارتی انتخابات کے لیے 3 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
حکومت نے الیکشن کمیشن اور متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد صدر کے انتخاب کے لیے 3 جون کی تاریخ مقرر کی ہے اور ووٹنگ میں سہولت کے لے عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
قبل از وقت صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔
قائم مقام صدر نے اداروں کو شفاف اور منصفانہ انتخاب منعقد کرانےکے لیے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ 4 اپریل کو جنوبی کوریا کی آئینی عدالت نے صدر یون سک کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
عدالت نے مارشل لاء کے اعلان اور فوج کو پارلیمنٹ بھیجنے پر صدر یون سک کے مواخذے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ملک میں 60 دن کے اندر نئے صدارتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔
اس وقت وزیر اعظم ہان بطور قائم مقام صدر فرائض انجام دے رہے ہیں۔