دیپیکا پڈوکون، عالیہ بھٹ اور نین تارا کا شمار بھارت کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جو اپنے کام کے بدلے بھاری معاوضہ لیتی ہیں۔ تاہم اب ایک اور اداکارہ ان تینوں سے دگنا معاوضہ لے کر ناصرف سبقت لے گئی ہیں بلکہ بھارت کی سب سے مہنگی اداکارہ بھی بن گئی ہیں۔
یہ اداکارہ ایک ویب سیریز کےلیے 41 کروڑ روپے اور ایک آنے والی فلم کےلیے 30 کروڑ روپے چارج کر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال یکم نومبر 2024 کو دیپیکا پڈوکون ماں بنی تھیں اور ان کی بیٹی کا نام ’دعا‘ رکھا گیا۔
اس سے قبل ان کی فلم ’کالکی 2898 اے ڈی‘ ریلیز ہوئی تھی، جس کےلیے انہوں نے 20 کروڑ روپے معاوضہ وصول کیا تھا۔ اس سے پہلے فلم ’پٹھان‘ میں انہوں نے 15 کروڑ روپے کا معاوضہ لیا تھا، جس کی بنیاد پر وہ اُس وقت کی مہنگی ترین اداکارہ تھیں۔
مگر اب یہ اعزاز جس اداکارہ کو حاصل ہوگیا ہے وہ ہیں پریانکا چوپڑا، جنہوں نے ایس ایس راجامولی کی فلم ’SSMB29‘ میں مرکزی کردار کےلیے 30 کروڑ روپے چارج کیے ہیں۔ یہ فلم تیلگو سپر اسٹار مہیش بابو کے ساتھ بنائی جا رہی ہے اور پورے بھارت میں ریلیز کی جائے گی۔
پریانکا چوپڑا اس وقت امریکا کے شہر لاس اینجلس میں مقیم ہیں۔ انہوں نے ایمیزون پرائم ویڈیو کی سیریز ’سیٹاڈل‘ کےلیے 41 کروڑ روپے کا معاوضہ لیا تھا۔
ان کی شہرت صرف بھارت تک محدود نہیں بلکہ وہ ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔ چار سال کے وقفے کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر بھارتی فلم ’SSMB29‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں۔
اس سے قبل وہ راجکمار راؤ کے ساتھ فلم ‘دی وائٹ ٹائیگر’ میں نظر آئی تھیں۔