کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں بند فیکٹری میں لگی آگ پر 6 گھنٹے بعد پابو پالیا گیا۔
فیکٹری میں کپڑوں کے رول ، گتا اور پلاسٹک کی اشیا سمیت مختلف سامان رکھا ہوا تھا۔ فائر بریگیڈ کو آگ پر قابو پانے میں 6 گھنٹے سے زائد کا وقت لگا۔
ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں قائم ایک فیکٹری میں آگ کی اطلاع پر ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ آگ کی شدت دیکھتے ہوئے مزید گاڑیاں طلب کی گئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری مکمل طور پر بند تھی اور آگ کے باعث بڑی تعداد میں کپڑوں کے رول جل گئے جبکہ جس مقام پر آگ لگی وہاں پلاسٹک سے بنی اشیا، گتے کے رول اور دیگر مختلف سامان رکھا ہوا تھا جو کہ آگ کی زد میں آکر خاکستر ہوگیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جس فیکٹری میں آگ لگی اس سے متصل کیمیکل کی فیکٹری ہے اور سب سے پہلی ترجیح اپناتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا ۔ آگ پر قابو پانے میں 6 گھنٹے سے زائد کا وقت لگا جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کیا گیا۔
آگ کی اطلاع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موقع پر پہنچے جبکہ ریسکیو 1122 کے فائر ٹینڈرز نے بھی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔