کراچی(اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹائون میں گھر کی تعمیر کے لئے ہونے والی کھدائی کے دوران 30سال قبل قتل کرکے دفن کی گئی خاتون کی باقیات برآمدہوئ ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانہ کی حدود اورنگی ٹائون سیکٹر16گلی نمبر 14ارکانیہ کالونی سمودیہ مسجد کے قریب گھر میں10 اپریل کو کھدائی کے دوران انسانی ڈھانچہ برآمد کیا گیا ،اس حوالے سے مسماۃ آسماء زوجہ سعید اکبر نے پولیس کو بتایا کہ میرے والد نذیراحمد ہمیں چھوڑ کر بنگلہ دیش چلے گئے تھے اور30سال قبل میری والدہ ممتاز بیگم نے فرید عالم نامی شخص سے شادی کرلی تھی‘میں اور میرے دو بھائی شاہ جہاں اور رمضان اپنی والدہ اور سوتیلے والد فرید عالم کے ہمراہ مذکورہ مکان میں رہائش پزیر تھے‘ایک دن میں پڑھنے کے لئے مدرسےگئی اور میرے والد نے دونوں بھائیوں کو کسی کام کےلیے باہر بھیجا،جب ہم واپس گھر آئے تو ہماری والدہ گھر میں نہیں تھی، ہمارے پوچھنے پر بتایا کہ تمہاری والدہ گم ہوگئی ہے‘ ہم چھوٹے تھےلیکن میرے بھائیوں نے والدہ کو ڈھونڈنےکی بہت کوشش کی نہیں ملی‘کھدائی کے دوران میں نے اور میرے بھائیوں نے ہڈیوں کے ساتھ نکلنے والے ڈوپٹے اور چپل سے پہچانا کہ یہ ہڈیاں ہماری والدہ ممتاز بیگم کی ہیں،سوتیلے والد کو گرفتار کرکےانصاف فراہم کیا جائے‘ملزم موقع سے فرار ہوگیا،گرفتاری کیلئے چھاپے مارےجارہے ہیں۔