• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشاریہ سہ ماہی’’تحقیقاتِ اسلامی‘‘ علی گڑھ

ترتیب و تدوین: محمّد شاہد حنیف

صفحات: 280، قیمت: 1500 روپے

ناشر: اسلامک ریسرچ اکیڈمی، کراچی۔

فون نمبر: 2859032 - 0331

سہ ماہی’’ تحقیقاتِ اسلامی‘‘ 1982ء سے مسلسل شایع ہونے والا ایک ایسا جریدہ ہے، جسے علمی و تحقیقی حلقوں میں بہت قدر و منزلت حاصل ہے اور ایک وسیع حلقہ اِس سے استفادہ کرتا ہے۔ اِس کی اہمیت کا اندازہ اِس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ہند و پاک کی متعدّد جامعات میں اِس میں شائع ہونے والے مقالات اور خود اِس جریدے کی خدمات پر ایک درجن سے زاید ایم فِل اور پی ایچ ڈی کے مقالے لکھے جاچُکے ہیں۔جریدے کے مدیر، محمّد رضی الاسلام ندوی نے اپنے تعارفی نوٹ میں بتایا ہے کہ اِس جریدے کا ایک ڈیجیٹل اشاریہ بھی تیار کیا گیا تھا، جہاں سے مطلوبہ مقالہ ڈاؤن لوڈ بھی کیا جاسکتا تھا، مگر اب کچھ تیکنیکی وجوہ کی بنا پر وہ کام نہیں کر پا رہا۔

نیز، مختلف مدّتوں پر مبنی کئی ایک اشاریے پہلے بھی تیار ہوئے، جو شایع بھی ہو چُکے ہیں، تاہم زیرِ نظر اشاریے کی اہمیت یہ ہے کہ یہ 43 برس کے 172شماروں کا احاطہ کرتا ہے اور اسے اشاریہ سازی کے جدید اصولوں کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے کہ محمّد شاہد حنیف اِس سے قبل60 سے زاید دیگر رسائل کے اشاریے بھی مرتّب کرچکے ہیں۔

اِسے’’ قرآن و علومِ قرآن‘‘، حدیث و علومِ حدیث‘‘،ایمانیات و عقائد‘‘، عبادات‘‘،’’فقہ و اصولِ فقہ‘‘، ’’تصوّف‘‘، ’’معاشرتی نظام‘‘،’’تعلیم و تعّلم‘‘،’’دعوت و تبلیغ‘‘،’’سیاسی نظام‘‘، ’’معاشی نظام‘‘،’’عدلیہ اور نظامِ قضا‘‘،’’طب و سائنس‘‘،’’ اسلام اور مغرب‘‘، ’’ عالمِ اسلام و عالمِ مغرب‘‘، ’’سیر و سوانح‘‘،’’سفرنامے‘‘،’’ تاریخ‘‘،’’تقابلِ مسالک و ادیان‘‘،’’ ادارے اور جماعتیں‘‘،’’صحافت، ذرایع ابلاغ اور رسائل‘‘،’’ شعر و ادب اور لسانیات‘‘ اور ’’ متفرقات‘‘ کے عنوانات کے تحت تقسیم کیا گیا ہے۔ واضح رہے، یہ اشاریہ موضوع وار، مصنّف وار اور شمارہ وار ہے۔