• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زندگی کا ہر لمحہ خوش گوار، یادگار بنائیں

زندگی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور اس نعمتِ خداوندی کی قدر اُسی صُورت کی جا سکتی ہے کہ اِسے مثبت انداز سے گزارا جائے اور پھر زندگی کا ہرلمحہ احسن اندازسے گزارنا ہماری ذہنی و جسمانی صحت کے لیے بھی نہایت ضروری ہے۔ 

اگر ہم اپنے ہر نئے دِن کا آغاز منصوبہ بندی، مثبت طرزِ فکر اور معتدل و متوازن سرگرمیوں سے کریں اور ساتھ ہی اپنےدِن کو بہتر بنانےکےلیے چند سادہ اصولوں پر عمل کرلیں، تو نہ صرف ہم بہت خُوش باش رہ سکتے ہیں بلکہ ہماری کارکردگی بھی کافی بہتر ہوسکتی ہے۔

دوست ہماری زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ اچّھے دوست ہمارے جیون کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور دِن میں کم از کم دو گھنٹے اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ گزارنا ایک نہایت خوش گوار تجربہ ثابت ہوتا ہے۔ دوستوں کے ساتھ خوش گپیوں، بے تکلف گفتگو اور ہنسی مذاق سے دِن بَھر کی تھکن دُور اور ذہن تروتازہ ہو جاتا ہے۔ نیز، دوستوں سے بات چیت اور تبادلۂ خیال سے مختلف مسائل کا حل اور نِت نئے آئیڈیاز بھی ہمارے سامنے آتے ہیں، جن پر عمل کر کے ہم اپنی زندگی کو آسان اور حسین تر بنا سکتے ہیں۔

کام، ہماری زندگی کا اہم ترین حصّہ ہے، سو اِسے بھی بے زاری اور نیم دلی کی بجائے ہمیشہ خوشی خوشی انجام دینا چاہیے۔ اگر آپ اپنی جاب یا بزنس سے لُطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، تو تفویض کردہ ذمّے داریوں میں بھرپور دِل چسپی لیں اور اُنہیں ہر قسم کے بوجھ یا دباؤ سے آزاد ہو کر انجام دیں۔ 

یاد رہے کہ گھنٹوں مسلسل کام کرنے کی بجائے کام کے دوران مختصر وقفے لینا اور ارد گرد کے ماحول کو خوش گوار بنانا ہماری کارکردگی کو بڑھاتا ہے۔ نیز، اگر ہم اپنے کام کو بوجھ سمجھنے کی بجائے ایک چیلنج سمجھیں، تو ہم اِسے زیادہ لگن اور دل جمعی سےانجام دے سکتے ہیں اور یوں کیریئر میں ہماری کام یابی کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

اپنے دِن کو خوش گوار بنانے اور ذہنی سکون کے لیے قدرتی ماحول میں وقت گزارنا نہایت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ روزانہ 15 سے 20منٹ کسی باغ یا سرسبز مقام پر چہل قدمی کرنے سے دل و دماغ تروتازہ ہوجاتے ہیں۔ قدرتی مناظر دیکھنے، پرندوں کی چہچہاہٹ سُننے اور تازہ ہوا میں گہری سانس لینے سے نہ صرف ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے بلکہ جسمانی صحت پر بھی بہت مثبت اثرات مرتّب ہوتے ہیں۔

اِسی طرح اپنی ذاتی زندگی حسین اور خوش گوار بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے بیوی، بچّوں اور دیگر اہلِ خانہ کے ساتھ معیاری وقت گزاریں۔ دِن بَھر کی مصروفیات کے بعد اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنا رشتوں کو مضبوطی عطا کرتا ہے، تو محبّتوں میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ 

دوسری جانب فارغ اوقات میں بچّوں کے ساتھ کھیلنا، انہیں دِل چسپ کہانیاں سُنانا یا اُن کے ساتھ کسی تفریحی سرگرمی میں حصّہ لینا نہ صرف اُن کے لیے، خود آپ کے لیے بھی نہایت خوشی کا باعث بنتا ہے۔ نیز، اِس طرح گھر کا ماحول بھی خوش گوار رہتا ہے، جس سے ہر ایک کو ذہنی و قلبی سکون حاصل ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ وقت، زندگی کی سب سے قیمتی دولت ہے اور اِسے صحیح طریقے سے استعمال کرنا ہی کام یابی کی کُنجی ہے۔ اگر ہم اپنے وقت کو فضول باتوں، سرگرمیوں میں ضائع کرنے کی بجائے اِس کا بہترین استعمال کریں، تو زندگی کہیں زیادہ منظّم ہوسکتی ہے۔ تاہم، وقت کے بہتراستعمال کے لیے ہمیں کچھ اصول اپنانےچاہئیں۔ 

مثلاً اِس مقصد کے لیے روزانہ صبح سویرے اپنی دِن بَھر کی سرگرمیوں کا ایک شیڈول بنائیں اور پھر اس پر حتی الامکان عمل درآمد کریں۔ نیز، جس قدر ممکن ہو، غیر ضروری کاموں سے گریز کریں۔ اپنی ترجیحات کا تعیّن کریں اور اہم کاموں کو پہلے انجام دیں۔ ہر روزکچھ نیا سیکھنے اور خُود کو بہتر بنانے کے لیے وقت نکالیں۔ ایک اچّھا، خوش گوار اور حسین دِن گزارنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم ہر معاملے میں اعتدال کا مظاہرہ کریں۔ 

دوستوں کے ساتھ گپ شپ، فطرت کے قریب وقت گزارنے، بیوی بچّوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور اپنے وقت کا بہترین استعمال کرنے سے ہم اپنا ہر دِن واقعتاً خوش گوار اور یادگار بھی بنا سکتے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ اگر ہم اِن عادات و اطوار کو اپنی روزمرّہ زندگی کا حصّہ بنالیں، تو نہ صرف ہم خُود خوش رہیں گے بلکہ ارد گرد کے لوگ بھی ہماری مثبت توانائی سے مستفید ہوں گے۔