اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی زیورات اور دیگرقیمتی سامان کے علاوہ 5کاریں اور موٹرسائیکل اڑا لئے گئے ۔ تھانہ آبپارہ کے علاقے جی سیون مرکز میں وقاص عباسی کی دکان سے ایک شخص اسلحہ کی نوک پر نقدی چھین کر چلتا بنا ۔ تھانہ نیلور کے علاقے میں انور خان نامی شخص سے دو افراد نے موبائل چھین لیا۔ تھانہ سبزی منڈی کے علاقے آئی ٹین فور میں محمد ارشد کے گھر سے لاکھوں روپے ، لائسنسی کلاشنکوف اور کپڑے چوری ہوگئے۔ تھانہ نون کے علاقے گولڑہ موٹر پر دوران سفر نصرت ناہید کے پرس سے مشتاق علی اور گلشن بی بی نے نقدی اور اے ٹی ایم کارڈ چوری کر لئے ۔ تھانہ انڈسٹریل ایریا آئی الیون ون میں دوران سفر ہائی ایس میں 4افراد نے عمران نذیر کی بیوی اور ساس کےزیورات اور کپڑے چوری کر لئے۔تھانہ ائر پورٹ کے علاقے سے 4 موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر محمد اویس سے 10ہزار روپے، موبائل ،کارڈز چھین کر فرار ہوگئے،ائر پورٹ پولیس کو فیاض حسین نے بتایا کہ کسی نامعلوم شخص نے میری دکان کے تالے توڑ کر گارمنٹس کا سامان مالیت2لاکھ روپے چوری کر لیا۔تھانہ سول لائن پولیس کو منیزہ ماجد نے بتایاکہ میری کار سے بیگ و سامان مالیتی 2لاکھ67ہزار روپے چوری کر لیا گیا۔تھانہ کینٹ پولیس کو بابر شہزاد نے بتایاکہ حمزہ اور 3 نامعلوم افراد نے مجھے اپنی گاڑی میں بٹھا کر موبائل،52ہزار روپے،کارڈز چھین لئے، مجھے مارا پیٹا اور زخمی کر دیا۔کلر سیداں پولیس کو جمیلہ صدیق نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص مجھ سے دو بالیاں،ایک انگوٹھی،2200روپے چھین کر فرار ہو گیا۔مری پولیس کو مجاہد حسین نے بتایاچوکیدار گلزار نے میرے گودام سے اینٹیں ، بجلی کاسامان، لکڑی کا سامان، سینٹری کاسامان مالیت10لاکھ روپے چوری کر لئے۔تھانہ رتہ امرال پولیس کو محمد شہزاد نے بتایا کہ محمد جہانگیر ، محمد ایوب ، وقار ایوب ، ثاقب جہانگیر نے تشدد کر کے زخمی کر دیا اور میری جیب سے 50ہزار روپے اور موبائل نکال کر لے گئے۔لاکھوں روپے مالیت کے متعددچیک ڈس آنر ہونے پر بھی مقدمات درج کر لیے گئے۔