سعودی نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر (این ایم سی) نے عازمین حج کو خوش خبری سناتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ 2025ء کا حج شدید گرمیوں کا آخری حج ہو گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی این ایم سی نے 2026ء سے شروع ہونے والی حج کی تاریخوں کے حوالے سے کہا ہے کہ اسلامی قمری کیلنڈر کی وجہ سے آئندہ 16 سال تک حج کا وقت ٹھنڈے موسم میں آ جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر 2026ء سے 2033ء تک حج کا انعقاد بہار کے موسم میں ہوگا، اور پھر 2034ء سے 2041ء تک یہ سردیوں میں آئے گا۔
این ایم سی کا کہنا ہے کہ قمری کیلنڈر ہر سال تقریباً 10 دن پیچھے جاتا ہے، جس کے باعث حج گرمی سے بہار اور سردی کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔ 2042ء میں حج دوبارہ گرمی کے موسم میں واپس آئے گا۔
خیال رہے کہ سعودی حکام نے موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے حجاج کی سہولت کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں سایہ دار راستے، اضافی پانی کی تقسیم، موبائل کولنگ یونٹس، اور گرمی سے بچاؤ سے متعلق آگاہی مہمات شامل ہیں۔
2024ء میں سعودی حکومت نے 33 نئے موسمیاتی اسٹیشنز بھی نصب کیے اور جدید موبائل ریڈار سسٹمز کا استعمال بڑھایا تاکہ حج کے راستوں پر موسم کی فوری نگرانی کی جا سکے۔
اس کے باوجود 2024ء کے حج کے دوران درجۂ حرارت 46 سے 51 ڈگری سیلسیئس تک پہنچ گیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک دن میں 2,700 سے زائد حجاج گرمی سے متاثر ہوئے اور کئی اموات بھی ہوئیں۔
سعودی حکام کے مطابق موسم کی یہ تبدیلی دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں مسلمانوں کے لیے خوش خبری ہے، جو گزشتہ کئی سالوں سے مکہ کی شدید گرمی میں حج ادا کر رہے تھے۔