• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعلیٰ تعلیم پر بلاامتیاز ہر شخص کا حق، علم کسی کی میراث نہیں، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جس معاشرے اور شہر نے ہمیں عزت دی، شہرت دی اور جینے کا سلیقہ سکھایا، ہم پر فرض ہے کہ اس شہر کی خدمت کریں اور مل جل کر آنے والے وقت کو اپنی نسل کے لئے بہتر بنائیں، اعلیٰ تعلیم پر بلاامتیاز و تفریق ہر شخص کا حق اور علم کسی کی میراث نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر کے نئے بیج کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم، چیف پیٹرن سی ایس ایس کارنر طارق مصطفی، سلطانہ صدیقی، طارق فواد، علی حسن ساجد اور دیگر نے بھی خطاب کیا، میئر کراچی نے کہا کہ وہ معاشرے اور قومیں ہمیشہ ترقی کرتی ہیں جہاں ذمہ داری کو تسلیم کیا جائے اور حقوق کے ساتھ ساتھ فرائض بھی انجام دیئے جائیں، جو شخص زندگی میں کامیابی حاصل کرتا ہے اس کو یہاں تک پہنچانے میں اساتذہ، والدین اور معاشرے کا اہم کردار ہوتا ہے، ہمیں سی ایس ایس کارنر جیسے بے لوث اداروں کی کوششوں کو پروان چڑھانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی فریئر ہال، خالقدینا ہال، کے ایم سی بلڈنگ اور ڈینسو ہال کی تعمیر اور تزئین و آرائش کر رہی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید