پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری کا کہنا ہے کہ بھارت کی غلط فہمی ہے کہ پاکستان چپ رہے گا۔
بھارتی رویے کے خلاف اپنے ردِعمل میں شازیہ مری نے کہا ہے کہ خطے میں بھارت نے ہمیشہ غیر ذمے داری کا ثبوت دیا، بھارت کو پاکستان فوبیا ہو گیا ہے، بھارت سرکار کم عقلی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
شازیہ مری نے کہا ہے کہ 7 لاکھ فوج مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں بٹھا رکھی ہے، وہاں جو واقعہ ہوا اس کی ہم نے شدید مذمت کی، بھارت کی جانب سے بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزام لگا گیا، لگتا ہے مودی سرکار الزام لگانے کے لیے تیار تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک اور ایٹمی طاقت ہے، ہم دہشت گردی کی وجہ سے 90 ہزار جانیں گنوا چکے ہیں، بھارتی میڈیا میں کہیں صحافت نظر نہیں آتی، بھارت کا میڈیا کوئی سمجھداری والی بات نہیں کرتا۔
شازیہ مری نے کہا کہ بھارتی چینلز پر سنسنی پھیلائی جا رہی ہے، مودی سرکار اپنی کمزوری چھپانے کی کوشش کر رہی ہے، پاکستان نے ہمشہ اس خطے میں امن کی کوشش کی، جب بلاول بھٹو وزیرِ خارجہ رہے تب بھی بھارت کا رویہ درست نہیں تھا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ ہم نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم اور بربریت کے خلاف بھی آواز اٹھائی، مودی سرکار نے کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے، ہم ایک ذمے دار ملک ہیں اور ذمے داری کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔