کراچی میں تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کےلیے ایک ہی نظام اور ای وی ٹیکسی لانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
کراچی میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا جس میں موٹر وہیکل انسپیکشن سینٹرز کے قیام اور کراچی میں قائم انسپیکشن سینٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اس دوران شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ شہریوں کو معیاری، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا ترجیح ہے، ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز سے شہر کا ٹیکسی نظام بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ای وی ٹیکسی سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی، کراچی میں ٹیکسی کے نظام کو جدید انداز میں ایک چھتری تلے لانے کے لیے کام کر رہے ہیں، کوشش ہے کہ مسافروں کو محفوظ، معیاری اور قانون کے مطابق سہولتیں دیں۔
صوبائی سینئر وزیر نے کہا کہ خواتین کو خود مختار بنانے کےلیے بھی اقدامات کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو ایک ہزار پنک اسکوٹیز مفت فراہم کی جائیں گی، اسکوٹیز کی فراہمی کےلیے تیز رفتار اقدامات جاری ہیں۔
پیپلز پارٹی رہنما نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں کراچی میں چلنے والی روایتی بسیں دیگر اضلاع منتقل کی جائیں۔ شہر کا مکمل بس نظام ای وی بسز پر منتقل کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کےلیے ڈبل ڈیکر بسز رواں سال جون تک پہنچ جائیں گی، نئی بسوں کی ایک بڑی کھیپ جون کے آخر یا جولائی کے اوائل میں متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای وی گاڑیوں کے چارجنگ پوائنٹس، پارکنگ اور دیگر سہولتوں کےلیے بھی کام جاری ہے، بجٹ میں نئی بسز کی خریداری کےلیے زیادہ سے زیادہ فنڈز رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔