بھائی کے ولیمے پر ایمن خان اور منال خان کے اسٹائل نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، ولیمہ لک کی سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی۔
پاکستان کی معروف اور مقبول اداکارہ بہنیں ایمن خان اور منال خان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر چھا گئیں، بھائی معاذ خان کی تقریب ولیمہ پر دونوں بہنوں نے اپنی خوبصورتی اور انداز سے تقریب کو چار چاند لگادیے۔
شوبز انڈسٹری کی یہ خوبرو بہنیں ناصرف اپنی اداکاری کی وجہ سے مشہور ہیں بلکہ انسٹاگرام پر ان کے مداحوں کی تعداد بھی 12 ملین سے تجاوز کر چکی ہے، مداح ان کی ہر نئی تصویر اور تقریب کے لمحے کا بےصبری سے انتظار کرتے ہیں۔
منال خان نے ولیمے کی تقریب کےلیے ایک شاندار سنہری میکسی کا انتخاب کیا جس پر نفیس چمکدار کام، دبکا، سیکوئنز اور خوبصورت کڑھائی کی گئی تھی، اس خوبصورت لباس کے ساتھ منال نے اپنے ولیمے کا ڈائمنڈ جیولری سیٹ پہنا، جبکہ بالوں کو ہائی پونی ٹیل میں باندھا اور ہلکے میک اپ سے قدرتی حسن کو مزید نکھارا۔
ایمن خان نے منٹ گرین سلک لہنگا زیب تن کیا جس پر نفیس دبکا ورک اور ہلکی کڑھائی کی گئی تھی، ایمن نے کھلے بالوں اور ہلکے میک اپ کا انتخاب کیا، جبکہ جیولری میں بھی سادگی کو برقرار رکھا۔ تقریب میں دونوں بہنوں نے اپنی بھابھی صباء معاذ خان کے ساتھ خوشگوار انداز میں تصاویر کھنچوائیں جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
مداحوں کی جانب سے ایمن اور منال کے ان خوبصورت انداز پر خوب داد دی جا رہی ہے، صارفین انہیں "اسٹائل کوئینز" کہہ رہے ہیں۔