• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اداکاروں کا جاوید اختر کو کرارا جواب

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستانی اداکاروں نے بھارتی شاعر، مصنف اور نغمہ نگار جاوید اختر کے بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی کی حمایت میں دیے گئے بیان پر کرارا جواب دے دیا۔

جاوید اختر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستانی اداکار جب بھارت آتے ہیں تو اُنہیں یہاں بہت پذیرائی ملتی ہے لیکن جب بھارتی اداکار پاکستان جاتے ہیں تو اُنہیں وہ اہمیت نہیں دی جاتی۔

جس کے بعد پاکستانی اداکارہ مشی خان نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہوں نے جاوید اختر کو پاکستانی اداکاروں پر بھارت میں پابندی کی حمایت کرنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

اُنہوں نے جاوید اختر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کی اس سوچ کے بارے میں جان کر بہت افسوس ہوا، جب آپ پاکستان آئے تھے تو یہاں لوگوں نے آپ کو کتنی عزت دی، آپ کی آؤ بھگت کی، آپ کو اتنا مان دیا تھا پھر آپ نے یہاں تقریب میں بیٹھ کر پاکستان کے بارے کیا کہا تھا اور اس کے بعد آپ جہاز میں بیٹھ کر واپس چلے گئے تھے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اب آپ اپنی اصلیت دکھا رہے ہیں کہ آپ کتنے سخت دل چھوٹی سوچ کے مالک ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارے دل بہت بڑے ہیں، ہم نے تو کبھی بھارتی اداکاروں پر پابندی عائد نہیں کی، پابندی تو بھارت نے پاکستانی اداکاروں پر عائد کی ہے۔

مشی خان نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹ تک بند کر دیے گئے ہیں تو ایسی صورتحال میں آپ کو اس قسم کا بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ آپ لوگ اتنا گر سکتے ہیں یہ تو ہمیں اب پتہ لگ رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے بہت افسوس ہوا کہ آپ کے جیسے پڑھے لکھے انسان کو تو امن کی بات کرنی چاہیے کیونکہ شاعروں اور مصنفوں کے تو بڑے نرم دل ہوتے ہیں۔

مشی خان نے یہ بھی کہا کہ ہمیں بھارت میں کام کرنے میں کوئی دلچسپی بھی نہیں ہے تو بھارت میں ہم پر پابندی عائد کرنے سے ہمیں کوئی فرق بھی نہیں پڑے گا کیونکہ ہمارے اپنے ملک میں ہمارا کام بڑا اچھا چل رہا ہے اور بھارتی عوام بھی ہمارے ڈرامے دیوانوں کی طرح دیکھتے ہیں۔

منشا پاشا نے اپنی انسٹا اسٹوری پر جاوید اختر کے اس بیان پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ جاوید اختر کے اس بیان نے مجھے وہ وقت یاد دلادیا جب وہ پاکستان آئے تھے اور سوشل میڈیا پر کچھ اس طرح کی ویڈیوز وائرل ہو رہی تھیں جن میں لوگ ایک پارٹی کے دوران ان کے قدموں میں بیٹھے ہوئے تھے۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ جس کے بعد جاوید اختر نے پاکستان کے بارے میں تضحیک آمیز بیانات دیے۔

اداکارہ نے لکھا کہ ایمانداری کی بات یہ کہ قصور ہمارا ہی ہے، ہمیں اپنی عزت نفس کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

واضح رہے کہ بھارتی حکومت 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کو جواز بنا کر یوٹیوب پر پاکستانی نیوز اور انٹرٹینمنٹ چینلز پر بھی پابندی عائد کرچکی ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی نیوز چینلز پر پابندی عائد کیے جانے پر مبصرین کا کہنا تھا کہ بھارت میں ان چینلز کو بھرپور، متوازن اور درست مؤقف سامنے لانے کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید