بھارتی حکومت نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقبول ترین پاکستانی انٹرٹینمنٹ چینل ’جیو‘ کو اپنے ملک میں بند کر دیا ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے یوٹیوب انڈیا پر پاکستانی چینلز کو بند کرنے کا باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا تاہم عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ڈراموں کے بھارتی مداح اب پاکستانی انٹرٹینمنٹ چینلز تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔
یوٹیوب انڈیا پر پاکستانی چینلز پر رسائی حاصل کرنے والے بھارتی شہریوں کو یہ نوٹ لکھا نظر آتا ہے، ’قومی سلامتی یا پبلک آرڈر سے متعلق حکومت کے حکم کی وجہ سے یہ مواد فی الحال اس ملک میں دستیاب نہیں ہے۔‘
اس سے قبل بھارتی حکومت 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کو جواز بنا کر جیو نیوز سمیت 16 پاکستانی نیوز یوٹیوب چینلز کو بند کرچکی ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی نیوز چینلز پر پابندی عائد کیے جانے پر مبصرین کا کہنا تھا کہ بھارت میں ان چینلز کو بھرپور، متوازن اور درست مؤقف سامنے لانے کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔