کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) اور کراچی پریس کلب نے پیکا ایکٹ کی فوری واپسی کا مطالبہ کردیا۔ کے یوجے کے صدر اعجاز احمد نے ہر سال 3مئی کو ’’عالمی یوم آزادی صحافت‘‘ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے غزہ میں نامساعد حالات میں کام کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین اور آزادی اظہار رائے کی جدوجہد میں پاکستان اور غزہ سمیت پوری دنیا میں اپنی جان سے گزرجانے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ تمام تر نامساعد حالات کے باوجود آزادی صحافت کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پریس کلب کے سیکریٹری سہیل افضل نے کہا کہ صحافیوں کو کبھی آئین میں دی گئی آزادی نہیں ملی اور انہوں نے ہمیشہ مشکل حالات میں خدمات سرانجام دیں۔ دونو ں رہنمائوں نے پیکا ایکٹ کی فوری واپسی کا مطالبہ بھی کیا۔ وہ ہفتے کو یہاں انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے تحت کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے زیر اہتمام’’ ورلڈ پریس فریڈم ڈے‘‘ کے موقع پر پریس کلب کے سامنے منعقدہ مظاہرے سے خطاب کررہے تھے۔