کراچی میں آج مذہبی سیاسی جماعتوں کی جانب سے ملین مارچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یہ مارچ مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی اور بھارت کی جارحیت کے خلاف کیا جا رہا ہے، مارچ بعد نمازِ ظہر مزارِ قائد نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق باغ جناح نزد نمائش چورنگی میں مارچ شرکاء گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ گرومندر، جمشید روڈ اور تین ہٹی سے نمائش تک عام عوام کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، شہری گرومندر سے بہادر روڈ، جمشید روڈ سے جیل چورنگی جبکہ سوسائٹی چورنگی سے کشمیر روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بنوری سگنل، جیل چورنگی سے جمشید روڈ آنے والی ٹریفک کو سولجر بازار کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ لیاقت آباد نمبر 10 سے تین ہٹی اور گرومندر پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق لسبیلہ اور تین ہٹی سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو گرومندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ہیوی گاڑیاں نشتر روڈ کا راستہ اختیار کریں۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ایم اے جناح روڈ عید گاہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو پوسٹ آفس کی طرف موڑ دیا جائے گا۔