• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت کشیدگی میں روس تعمیری کردار ادا کررہا ہے، صدر آصف زرداری


صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں روس تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔

اسلام آباد سفارتخانے میں دوسری جنگ عظیم میں روسی فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریب سے صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطاب کیا اور کیک بھی کاٹا۔

انہوں کہا کہ پاک روس اعلیٰ سطح روابط سے باہمی تعلقات کی نئی بنیاد رکھی گئی، دونوں ممالک میں دوستی مزید مضبوط ہونے کی امید ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ روس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ یقین ہے پاکستان اور روس کے درمیان دوستی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں خطے اور دنیا کے بہتر مستقبل کےلیے مل کر کام کرنا ہوگا، روس موجودہ علاقائی صورتِ حال کو بہتر کرنے میں کردار ادا کرسکتا ہے۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ نازی ازم کے خلاف روسی فتح کا دن امن کی قیمت کی یاد دہانی کراتا ہے، آئیے مل کر خطے اور دنیا کے بہتر مستقبل کے لیے کام کریں۔

آصف علی زرداری نے جنگ عظیم دوم میں فتح کے دن کے موقع پر روسی صدر، حکومت اور عوام کو مبارک باد دی اور کہا کہ روسی فتح عوامی طاقت، امن و خوشحالی کےلیے روس کے مضبوط عزم کی عکاس ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دوسری جنگ عظیم میں موجودہ پاکستان کے علاقے سے بھی لوگوں نے نازی ازم کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

قومی خبریں سے مزید