سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کابینہ ڈویژن کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے کفایت شعاری اور ایندھن کے تحفظ کے لیے آئندہ دو ماہ کے لیے سخت اقدامات نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سی اے اے کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ایندھن کی بچت کے پیشِ نظر افسران کے غیر ضروری سرکاری دوروں پر فوری طور پر پابندی جبکہ مختلف دفاتر میں استعمال ہونے والی سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں دو ماہ کے لیے 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق مجموعی طور پر 60 فیصد غیر فعال سرکاری گاڑیوں کو اگلے دو ماہ کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2026ء تک ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ جون 2026ء تک نئی اشیاء کی خریداری بھی بند رہے گی تاہم انتہائی ہنگامی نوعیت کی خریداری سخت جانچ پڑتال کے بعد ہی ممکن ہوگی۔
اخراجات میں کمی کے لیے تمام افسران کے سرکاری دورے، تربیتی پروگرامز، ریگولیٹری نگرانی اور غیر ملکی سفر معطل کر دیے گئے ہیں، میٹنگز کو ترجیحاً ورچوئل یا آن لائن پلیٹ فارمز پر منعقد کیا جائے گا جبکہ غیر ملکی وفود کے دوروں کے علاوہ کسی قسم کے سرکاری عشائیے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسی طرح تمام سرکاری سیمینارز، تربیتی سیشنز، کانفرنسز اور اجلاس ادارے کے سربراہ کی پیشگی منظوری سے مشروط کر دیے گئے ہیں، کانفرنس رومز اور دیگر سرکاری سہولتیں صرف سرکاری پروگرامز کے لیے استعمال کی جا سکیں گی۔
سی اے اے انتظامیہ کی مجموعی تنخواہوں میں بھی 2 ماہ کے لیے کٹوتی کا حکم جاری کیا گیا ہے اور یہ رقم وزیرِاعظم سادگی فنڈ 2026ء میں جمع کروائی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق تمام احکامات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور کسی قسم کی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔