وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو جو جواب دیا اس میں دوست ملکوں کی خاموش رضامندی شامل تھی، تاریخ میں پہلی بار سائبر جنگ ہوئی اور بھارت بالکل مفلوج ہوگیا
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کا سیاسی سرمایہ ختم ہو گیا ہے، امریکا سمیت تمام دوست ممالک ہمارے ساتھ آن بورڈ تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ دوست ممالک سیز فائر کے حق میں تھے اس لیے ہم نے سیز فائر کیا، آدھے یا پورے، بھارت کشمیر پر بات کرنے پر تو آمادہ ہوا ہے، بھارت مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کو تیار نہیں تھا، یہ پاکستان کی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے 4 دن انتظار کیا کہ شاید آج بھارت کو بات سمجھ آ جائے، بھارت کے خلاف ہماری جیت کثیر الجہتی ہے۔
وزیرِ دفاع کا مزید کہنا ہے کہ یہ پہلی لڑائی تھی جس میں سائبر وار فیئر ہوا ہے، سائبر وار میں بھارت کا سارا سسٹم مفلوج ہو گیا تھا۔
خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ کل تک جو پاکستان کو سیریس نہیں لے رہے تھے وہ آج احترام کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں، بھارت کے 5 طیارے گرائے گئے اور ایک یو اے وی گرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مودی بوکھلاہٹ میں کوئی بھی حرکت کر سکتا ہے، بھارت نے پھر جارحیت کی تو ہمارا جواب اور عالمی ردِ عمل بھی آئے گا۔