• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی میڈیا دیکھ کر لگا کارٹون نیٹ ورک دیکھ رہا ہوں: وزیرِ اعلیٰ سندھ

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ—فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ—فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا دیکھ کر ہنسی آتی ہے، ایسا لگا کارٹون نیٹ ورک دیکھ رہا ہوں۔

سندھ اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی سے بھارت کے 5 جہاز گرائے، جنگ کے 3 گھنٹے کے اندر بھارت کی بس ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے 85 ڈرونز تو فورسز نے گرائے، باقی اگر خود سے ادھر اُدھر گر گئے ہوں تو ہمیں پتہ نہیں، بھارتی ڈرون سے 8 مئی کو سندھ کی سر زمین پر پہلی شہادت ہوئی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارت کے ڈرون گر رہے تھے اور لوگ اٹھا کر لے جا رہے تھے، بھارت کے اناڑی پن نے اسرائیلی کی ٹیکنالوجی کو بھی ملیا میٹ کر دیا۔

اُن کا کہنا ہے کہ کمپنی نے بھی کہا کہ یہ کس اناڑی کو ہم نے آلات دیے، بھارت سے کہیں بس کرے، بھارت سے زیادہ جنگی سامان بنانے والی کمپنیوں کو نقصان پہنچ رہا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت کا میڈیا دیکھ کر ہنسی آتی ہے، جس نے جھوٹی خبر چلائی کہ لاہور اور سیالکوٹ تباہ ہو گیا ہے، ایسا لگا کہ کارٹون نیٹ ورک دیکھ رہا ہوں۔

اُن کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو الرٹ رکھا تھا، وار بک کے مطابق تیاریاں تھیں، 10 مئی کی رات بتایا گیا کہ جنگ شروع ہو گئی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارا آپریشن بنیان مرصوص صبح سوا 5 بجے شروع ہوا، ہماری فورسز نے 26 بھارتی مقامات کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے 3 گھنٹے بعد ہی امریکی وزیرِ خارجہ کا ہمارے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو فون آیا، جس میں مارکو روبیو نے بتایا کہ بھارت بس کرنے پر تیار ہے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ جنگ کے 3 گھنٹے کے اندر بھارت کی بس ہو گئی، سب سوچ رہے تھے کہ ان 3 گھنٹوں کے اندر ایسا کیا ہوا کہ بھارت نے امریکا سے کہا کہ ہمیں بچاؤ۔

اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان نے سارا کام 3 گھنٹوں میں کر لیا تھا ،امریکا تو بیچ میں نہیں آ رہا تھا، اچانک سب ملک بیچ میں کیوں آئے؟

قومی خبریں سے مزید