• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو نیوز کو پچھلے نمبروں پر ڈالنے پر پیمرا نے حکومت سے مدد مانگ لی

Matter Of Geo News Pemra Asks For Help From Federal Government
کراچی میں جیو نیوز کو پچھلے نمبروں پر دھکیلنے کے معاملے پر پیمرا نے حکومت سے مدد مانگ لی، چیئرمین پیمرا نے وزیراعظم کو خط ارسال کر دیا۔

جیو نیوز کی نشریات میں رکاوٹ ڈالنے پر چئرمین پیمرا نے نوٹس لے کر وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ دیا۔ پیمرا نے قانون کی خلاف ورزی پر سندھ رینجرز، سندھ پولیس، انٹیلی جینس ایجنسیوں اور سندھ حکومت کی مدد بھی مانگ لی۔

ساتھ ہی 11کیبل آپریٹروں کو حکم دیا ہے کہ وہ جیو نیوز کو 28جولائی کی پوزیشن پر بحال کر دیں،جیو نیوز کو مختلف کیبل آپریٹروں نے کل سے پچھلے نمبروں پر ڈال رکھا تھا جس سے جیو کے ناظرین کو مشکلات کا سامنا تھا۔

جیو نیوز کو 28جولائی سے پہلے والی پوزیشن پر بحال کر دیا جائے،پیمرا نے 11کیبل آپریٹروں کا نام لے کر انہیں حکم جاری کر دیا،عمل درآمد کے لیے سندھ رینجرز، سندھ پولیس، انٹیلی جینس اداروں اور سندھ حکومت سے بھی مدد مانگ لی۔

جیو نیوز کو کراچی میں پچھلے نمبروں پر ڈال دیا گیا تھا جس پر عوام کو اپنا پسندیدہ چینل دیکھنے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں، پیمرا نے اس سلسلے میں فوری نوٹس لیا اور پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم نے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ دیا۔

پیمرا آرڈی ننس 2002ءکے سیکشن 33اے کے تحت لکھے جانے والے خط میں وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ کراچی میں پیمرا قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن میں پیمرا کی مدد کی جائے۔

خط میں وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سندھ رینجرز، سندھ پولیس، انٹیلی جینس ایجنسیوں اور سندھ حکومت کو ہدایت کریں کہ وہ ان کیبل آپریٹروں کے خلاف کارروائی کرنے میں پیمرا کی مدد کریں جنہوں نے جیو نیوز کی نشریات میں غیر قانونی طور پر رکاوٹ ڈالی۔

خط میں وزیراعظم سے درخواست کی گئی ہے کہ جو نامعلوم افراد کیبل آپریٹروں پر دباو ڈال رہے ہیں انہیں انصاف کے کٹہرے تک پہنچانے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے پیمرا کی مدد کریں۔

پیمرا نے 11کیبل آپریٹرز کا نام لے کر انہیں حکم دیا کہ جیو نیوز کو 28جولائی کی پوزیشن پر بحال کر دیں، ان کیبل آپریٹروں میں ہوم وژن، سٹی جی آئی اے ،نیو ڈیجی، ٹریکس، کے سی ایس، گلوبل کیبل،کراچی کیبل، اسکائی لائن ،شو ٹائم، یونیورسل پروڈکشن اور اسکائی ملٹی سروسز بھی شامل ہیں۔

پیمرا نے کہا ہے کہ اس کی ٹیمیں کیبل آپریٹروں کے دفاتر میں جا کر مانیٹرنگ کریں گی کہ انہوں نے پیمرا کے احکامات پر عمل درآمد کیا ہے یا نہیں۔

ان کیبل آپریٹروں کو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی کیوں کی۔

پیمرا کے مطابق اگر جیو نیوز کو پرانی پوزیشن پر بحال کرنے کے سلسلے میں پیمرا کے حکم کی خلاف ورزی کی گئی تو یہ بذات خود ایک جرم سمجھا جائے گا جس کی سزا پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 29اور 30کے تحت دی جا سکے گی۔

قانون کے مطابق پیمرا کے پاس نشریات یا ڈسٹری بیوشن سروس کا لائسنس جاری، معطل یا منسوخ کرنے کے مکمل اختیارات حاصل ہیں۔

پیمرا کا لائسنس حاصل کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ پیمرا اپنی رٹ برقرار رکھنے کے عزم پر قائم ہے، کسی شخص یا گروپ کی جانب سے پیمرا کے اختیارات میں مداخلت کی کسی بھی غیر قانونی کوشش کا مقابلہ قانون کے مطابق سختی سے کیا جائے گا۔
تازہ ترین