سکھر(بیورو رپورٹ) جمعیت علمائے پاکستان سکھر کی جانب سے کشمیری عوام کی حمایت اور بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مفتی محمد ابراہیم قادری نے کی۔ ریلی کے شرکاء بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر میں جارحیت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی غوثیہ مسجد سے نشتر روڈ تک نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارت کا پرچم نذر آتش کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم کے خلاف نعرے بازی کی۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد ابراہیم قادری نے کہا کہ کشمیر کی حسین وادی کو بھارتی دہشتگردی نے کشمیری عوام کے خون سے رنگ دیا ہے۔ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرنے کے باوجود آزادی کی تحریک کو بھارتی ظلم، بربریت نہیں دبا سکی بلکہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے۔ کشمیری عوام کا خون ضرور رنگ لائے گا اور کشمیری بھارتی تسلط سے جلد آزاد ہوں گے۔ دریں اثناشیعہ علما کونسل پاکستان ضلع سکھر کی جانب سے صوبائی صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کے حکم پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے اور کشمیری عوام پر بھارتی کی طرف سے کئے جانے والے مظالم، دہشتگردی، جارحیت کے خلاف بعد نمازجمعہ جامعہ حسینی مسجد ملٹری روڈ سے سٹی پوائنٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینراور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی فوج اور بھارتی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت مولانا امداد حسین الحسینی، علامہ ریاض حسین روحانی، کاشف حسین مہرودیگر نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ظلم اور بربریت کی سخت مذمت کرتے ہیں۔